اسلام آباد ( رانا غلام قادر) 3 ہزار بھارتی سکھ یاتری 22نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے ، واہگہ بارڈر پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑا دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ بابا گور ونانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی جس میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف مہمان خصوصی ہو ں گے جبکہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان ، سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر وفاقی و صوبائی وزرا شرکت کریں گے ۔متروکہ وقف املاک بورڈ نے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے سکھ یاتریوں کی بھرپور مہمان نوازی کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ یاتریوں کے لیے جدید طبی سہولیات (میڈیکل کیمپس)، وسیع لنگر، معیاری رہائش، فول پروف سیکیورٹی اور آرام دہ سفری سہولیات کا بہترین بندوبست کیا گیا ہے ۔ سکھ یاتری 22 نومبر 2026ء کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں سے انہیں ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 23 نومبر کو سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں مختلف تاریخی گوردواروں کی یاترا کریں گے، جبکہ 24 نومبر کو بابا گورو نانک دیو جی کے جنم استھان گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جس میں بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب ،نگر کیرتن کی رسم ادا کی جائے گی۔25 نومبر کو یاتری گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کرتے ہوئے حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں گوردوارہ پنجہ صاحب میں ان کا رات قیام ہوگا ۔27 نومبر کو سکھ یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور نارووال روانہ ہوں گے اور رات قیام گوردوارہ دربار صاحب نارووال میں کریں گے۔ 28 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب نارووال میں کبڈی میچ کا انعقاد ہوگا، جس کے بعد یاتری لاہور روانہ ہوں گے اور رات گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کریں گے۔29 اور 30 نومبر کو سکھ یاتری لاہور میں مختلف تاریخی گوردواروں کی یاترا کریں گے، جبکہ یکم دسمبر 2026ء کو واہگہ بارڈر کے راستے بذریعہ سڑک بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔