• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان میں ایک سال کے دوران 94لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف، پاکستان میں کاسپرسکی کے 24فیصد صارفین ڈیوائسز جبکہ 15فیصد ویب پر مبنی سائبر خطرات کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں کام کرنے والے مختلف اداروں کے ڈیوائسز اور ویب پر مبنی نظاموں کو نشانہ بنانے والے تقریباً 94 لاکھ سائبر حملوں کا پتا چلایا گیا ہے۔ نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 تک گزشتہ 12 ماہ کے دوران پاکستان میں کاسپرسکی کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خطرات میں یو ایس بی ڈرائیوز، سی ڈیز اور انکرپٹڈ فائل انسٹالرز کے ذریعے پھیلنے والے وائرس اور دیگر نقصان دہ سافٹ ویئر شامل ہیں۔ اسی عرصے کے دوران پاکستان میں 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں فشنگ (جعلی ویب سائٹس اور پیغامات کے ذریعے معلومات چرانے کی کوششیں) اور ایسی نقصان دہ ویب سائٹس شامل ہیں جو صارفین کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے اسے خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ اس عرصے کے دوران کاسپرسکی نے پاکستان میں ڈیوائسز پر مبنی 63 لاکھ سے زائد سائبر حملوں جبکہ ویب پر مبنی 31 لاکھ سے زیادہ حملوں کا پتا لگایا، جس کے نتیجے میں سائبر حملوں کی مجموعی تعداد تقریباً 94 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد کے دورے کے دوران سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر منتخب صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کاسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالسس ٹیم کے سینئر سیکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے ان سائبر خطرات پر روشنی ڈالی جن سے پاکستانی سرکاری اور نجی اداروں کو خود کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خطرات میں سپلائی چین حملے اور مصنوعی ذہانت سے متعلق سائبر خطرات خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیشتر شعبوں کو کسی نہ کسی صورت میں سائبر خطرات کا سامنا رہا ہے۔ سائبر جنگ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیاسی اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو فارسی زبان بولنے والے ہیکٹیوسٹ گروپس کی جانب سے بھی مخصوص نوعیت کے سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان حملوں کا بنیادی ہدف سرکاری ادارے اور بحری شعبہ تھے۔

اہم خبریں سے مزید