ملتان(سٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے متوقع دورہ ٔجنوبی پنجاب کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے اور مختلف تنظیمی و سیاسی امور پر مشاورت کے لیے پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی کے زیر اہتمام ان کی رہائش گاہ پر مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم نے کیجب کہ ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی مہمان خصوصی تھے، اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کے دورۂ جنوبی پنجاب کے شیڈول، استقبال، تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی عہدیداران و کارکنان سے ملاقاتوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی،اجلاس میںبتایا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے دورۂ جنوبی ہنجاب کے دوران ملتان میں اپنی رہائش گاہ بلاول ہاو س میں قیام کریں گے، جہاں وہ پارٹی کے سٹی، ضلعی اور الائیڈ ونگز کے عہدیداران و کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے، حال ہی میں انتقال کر جانے والے پارٹی رہنماوں کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے بھی جائیں گےجب کہ ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات اور اہم سیاسی و قومی امور پر گفتگو بھی کریں گے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید علی قاسم گیلانی، خواجہ رضوان عالم، نوید عامر جیوا، ڈاکٹر جاوید صدیقی، ملک نسیم لابر، رانا خالد محمود، رائوساجد علی، اے ڈی خان بلوچ، بابو نفیس انصاری اور دیگر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملتان آمد کو بھرپور اور منظم بنانے کیلئے تمام تنظیمی عہدیداران، ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کریں گے، ملتان آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی اصل طاقت اس کے نظریاتی اور متحرک کارکن ہیں، کارکن پارٹی کا سرمایہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی عزت، مسائل کا حل اور قائدین سے براہِ راست رابطے کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔