• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

السّلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

دنیائے موسیقی کا معتبر نام

اس بار بھی دو ہی شماروں پر تبصرہ ارسالِ خدمت ہے۔ پہلا شمارہ تو ولادتِ رسولﷺ کی مناسبت تیار کیا گیا، جس میں ’’سرورِ عالم، تاج دارِ کائنات اور مدحتِ رسولﷺ ‘‘کے عنوانات سے متبرک مضامین شامل تھے۔ ’’مکّہ معاہدہ: چیلنجز اور توقعات‘‘ کے عنوان سے منور مرزا نے بےلاگ تجزیہ پیش کیا۔ اللہ کرے، یہ معاہدہ عالمِ اسلام کے لیے فائدہ مند ثابت ہو۔ ’’کویت، تاریخی اتارچڑھاؤ کی زد میں‘‘ منیر احمد خلیلی کا مضمون، معلومات سے بھرپورثابت ہوا۔

’’تاریخ ہے حجاب‘‘ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی کا ’’عالمی یومِ حجاب‘‘ کی مناسبت سے مضمون بہت ہی شان دار تھا۔ ’’تاریخی شہر، حیدرآباد، گوناگوں مسائل کے حصار میں‘‘ عرفان ہارون کی ایک فکرانگیز نگارش ثابت ہوئی۔ ویسے مُلک کا تقریباً ہر شہر ہی حال سے بےحال ہے۔

اس بار مقبول ترین سلسلے ’’احسنِ تقویم‘‘ میں سراپا سنگیت، حمیرا چنّا موجود تھیں۔ واقعتاً حمیرا چنّا موسیقی کی دنیا کا ایک معتبر نام ہے۔ ان سے متعلق تفصیلاً جاننا بہت اچھا لگا۔ ’’صحت مند زندگی کے لیے رہنما سائنسی اصول‘‘ ڈاکٹر سکندر اقبال کی ایک اور شاہ کار کاوش تھی۔

بلاشبہ، ان اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے والے خوب چاق چوبند ہی رہیں گے۔ قرأت نقوی، ٹیکساس، امریکا سے جب بھی ای میل لکھتی ہیں، کمال ہی لکھتی ہیں اور دونوں شماروں میں ناچیز کے خطوط بھی شامل تھے۔ اس مہربانی پر بہت شُکر گزار ہوں۔ (پرنس افضل شاہین، نادر شاہ بازار، بہاول نگر)

ایک جواب سے معلومات میں اضافہ

’’حالات و واقعات‘‘ میں منور مرزا یورپ کو دوراہے پر کھڑا دیکھ رہے تھے۔ اچھا مضمون تحریر کیا، بہت پسند آیا۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس نے مرتضیٰ بیگ برلاس کا خاکہ بہت ہی اچھے انداز سے تحریر کیا، پڑھ کر لطف آگیا۔ کافی عرصے بعد ’’ناقابلِ فراموش‘‘ کا صفحہ شاملِ اشاعت ہوا، دیکھ کے خوشی ہوئی۔ 

شکیل احمد راجپوت کا واقعہ ’’زخمی جوتوں کا اسپتال‘‘ اور ساجد مجید انور کا ’’ہجرت کا دُکھ‘‘ دونوں ہی شان دار، سبق آموز تھے۔ راجا کا خط بھی کافی عرصے بعد پڑھنے کو ملا اور آتے ہی ’’ہفتے کی چٹھی‘‘ کی مسند ہی سنبھالی، جس پر کافی وقت سے شہزادے، رانا جی کا گٹھ جوڑ چل رہا تھا اور ’’گوشۂ برقی خطوط‘‘ میں ڈاکٹر سبطِ شبر زیدی کو آپ کا دیا گیا جواب بہت پسند آیا، ایک جواب سے معلومات میں کافی اضافہ ہوگیا۔ (رونق افروز برقی، دستگیر کالونی، کراچی)

ج: کوئی بات نہیں، بڑے بڑے شہروں میں ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔

ماڈل کا نام حذف نہ کیا کریں

پیارا، پیارا شمارہ ملا۔ ؎ ’’تُو آئے تو گلشن کا حسین چہرہ نکھر جائے…‘‘ جیسی حسین عبارت کے ساتھ ماڈل سحرش سرِورق سے ’’سینٹر اسپریڈ‘‘ تک جلوہ افروز تھی۔ پلین سیاہ رنگ پہناوے پر نارنجی رنگ کی ڈیزائننگ غضب ڈھا رہی تھی اور پھر پہننے والی بھی غضب ہو، تو کیا ہی کہنے۔ مائنڈ نہ کیجیے گا، بےساختہ جملہ ہے۔ ہاں، ایک درخواست ہے، ایڈیٹنگ کرتے ہوئے ماڈل کا نام حذف نہ کیا کریں کہ ہم جس کی تعریف کرتے ہیں، کم از کم اُسے پتا تو ہو۔

رائٹ اَپ حسبِ سابق و حسبِ معمول شائستہ اظہرنے لکھا اور لاجواب ہی لکھا۔ موضوعِ تحریر قدیم دَور کا انسان اور آسمانوں پر جھلملاتے ستارے تھے۔ انزلہ صدیقی اسکرینز کی چکاچوند میں تاریک ہوتے مستقبل پر فکرمند نظر آئیں۔ ’’پیارا گھر‘‘ میں صبا احمد تخم بالنگا کے بے بہا فوائد گِنوا رہی تھیں۔ 

’’ڈائجسٹ‘‘ میں ڈاکٹرعزیزہ انجم کی ایک شاہ کار تحریر ’’گوری‘‘ پڑھنے کو ملی۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی محفل بھی خُوب سجی سنوری دکھائی دی، ناچیز کا نامہ بھی جگمگا رہا تھا۔ دیگر تحاریر میں محمود میاں نجمی، منیر خلیلی، ابرار ندیم، منور مرزا، رؤف ظفر، ڈاکٹر سکندر اقبال کی نگارشات پسند آئیں۔ نرجس مختار، نازلی فیصل اور مصباح طیب آج کل نظر نہیں آرہیں۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ سلسلہ خوب ہی جارہا ہے۔

مجموعی طور پر جریدہ زبردست، بے مثال تھا، بمع مدیرہ کے جوابات کے۔ اگلا شمارہ ’’ربیع الاوّل ایڈیشن‘‘ تھا۔ ربیع الاوّل وہ تاریخ ساز، انقلاب آفرین مہینہ، جب سرورِ کائنات، فخرِ موجودات حضرت محمّد مصطفیٰ ﷺ دنیا میں تشریف لائے۔ سرِورق روضۂ رسولﷺ سے مزیّن تھا اور ہرسُو ایک پُرنور مہک سی بکھری تھی۔ وسطی صفحات کی تحریر ڈاکٹر حافظ محمّد ثانی نے بہترین پیرائے میں رقم کی۔

مہوش عروج نے بھی مفصّل و جامع طور پر بہت خُوب صُورت انداز سے ’’مدحتِ رسول ﷺ کے پندرہ سو سالہ سفر‘‘ کا احوال بتایا۔ ثانیہ انور کا کہنا تھا کہ خاتم النبیینﷺ سے قلبی ربط و عملی تعلق ہی کام یابی کا ضامن ہے۔ افشاں نوید ’’سیرتِ نبویﷺ ، تہذیب انسانی کا مکمل منشور‘‘ کے عنوان سے ایک عُمدہ نگارش لائیں۔

دیگر نگارشات میں ثناء توفیق خان، نائلہ روبی کی تخلیقات لاجواب تھیں۔ ڈاکٹر عزیزہ انجم کی نعتِ رسول مقبولﷺ دل میں اُتر گئی۔ محمود میاں نجمی، حافظ بلال بشیر اور منور مرزا کی تحریریں متاثرکُن تھیں اور اب بات، ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی، چمکتے دمکتے ستاروں کی محفل ہمیشہ کی طرح خُوب سجی سنوری تھی اور خاک سار کا نامہ بھی شاملِ اشاعت تھا۔ (محمّد صفدر خان ساغر، نزد مکی مسجد، محلہ شریف فارم، راہوالی، گوجرانوالہ)

ج: آپ یقیناً اُس اچھے دن کےانتظار میں ہیں کہ جب کوئی ماڈل آپ کی تعریف و توصیف سے متاثر ہوکر آپ کا پتا پوچھ بیٹھے یا ڈھونڈنے ہی نکلنے کھڑی ہو (خدانخواستہ)، تو بہت معذرت کے ساتھ، ہمیں نہیں لگتا کہ آپ کی یہ دیرینہ خواہش کم از کم اِس جنم میں تو پوری ہوسکتی ہے۔

پکڑ پکڑ کر پڑھواؤں

آج مجھے افشاں نوید کی ایک تحریر ’’ہاتھ جو شناخت مانگتے ہیں‘‘ نے یہ خط لکھنے پر مجبور کردیا۔ اُنہوں نے دراصل بہت ہی نازک موضوع پر قلم کشائی کی۔ معاشرے کی ایک ایسی دُکھتی رگ پر ہاتھ رکھا کہ دل چاہتا ہے، یہ مضمون سب کو پکڑ پکڑ کر پڑھواؤں، اورمَیں نےکئی ایک کو پڑھوایا بھی۔

مَیں اکثر ایسا سوچتی تھی، لیکن افشاں نوید نے تو جیسے میری سوچ کو الفاظ میں اُتار دیا۔ اے کاش! ایسی مثبت سوچ کو معاشرے میں کبھی عملی جامہ بھی پہنایا جائے۔ میری طرف سے صد مبارک باد، ایک بہترین تحریر لکھنے اور شائع کرنے پر۔ (معصومہ، حیدرآباد)

ج: جی، بلاشبہ افشاں نوید صاحبہ اکثر و بیش تر بہت حسّاس، نازک موضوعات ہی پر قلم کشائی کرتی ہیں۔

ذخیرۂ الفاظ سے متاثر

جنگ، میگزین میں منور مرزا نے مسلم دنیا کو یہ کہہ کر خبردار کیا کہ مسلّح تنظیمیں مسلم دنیا کی بقاء کے لیے بڑا خطرہ ہیں اور بیش ترمسلمان حُکم ران بےحس ہیں۔ نصرت عباس نے لکھا کہ ڈگری تعلیم یافتہ ہونے کی سند نہیں اور رائے دی کہ نصاب، تدریس اور امتحان تینوں کا ازسرِ نو جائزہ لینا چاہیے، مگر یہ سب کون کرے گا؟ پروفیسر شاہدہ دلاور کا انٹرویو بہت فکر انگیز تھا۔ سچ کہا کہ ’’اُردو ادب کا سب سے بڑا بحران، فکری بحران ہے۔‘‘

پھر وہ واقعہ پڑھ کر تو جیسے رُوح لرز گئی کہ ایک قابل، محنتی شخص ڈاکٹر کمال اسماعیل کو اللہ تعالیٰ نے مصر سے سعودی عرب ایک خصوصی کام کے لیے بھیجا۔ اُنہوں نے توسیعِ حرمین الشرفین کے ضمن میں فرش کے لیے، یونان کے سنگِ مرمر کے پہاڑ سے نہایت اعلیٰ پتھر منگوا کر لگوایا اور حکومت کی خطیر رقم کی پیش کش یہ کہہ کر ٹھکرا دی کہ روزِ قیامت اللہ کو کیا منہ دکھاؤں گا؟

واللہ، کیسی کیسی ہستیاں دنیا میں آئیں اور کیا کیا کام کر گئیں۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں اکثر و بیش تر آپ کے معقول جوابات پڑھتا رہتا ہوں، بخدا بڑی حیرت ہوتی ہے اور یقین کریں، یہ نہ چاپلوسی ہے اور نہ مبالغہ آرائی، خصوصاً آپ کے ذخیرۂ الفاظ سے بے حد متاثر ہوتا ہوں۔ ایک مضمون بعنوان ’’یاجوج ماجوج‘‘ ارسالِ خدمت ہے، لائقِ اشاعت ہو تو شائع فرما دیجیے گا۔ (شوکت محمود، گلشنِ راوی اسکیم، لاہور)

ج: قابلِ اشاعت ہوا تو باری آنے پر ضرور شامل ہو جائے گا۔ تعریف وتوصیف، حوصلہ افزائی کا بےحد شکریہ اوربراہِ مہربانی، آئندہ خط لکھیں تو صفحے پر الفاظ کے سانس لینے کو رائی برابر جگہ تو چھوڑ ہی دیجیے گا۔

کوزے میں دریا سمودیا

شمارہ موصول ہوا، سرِورق پر دھوپ کی چادر اٹھلا رہی تھی، محمود میاں نجمی سرورِعالم، امام الانبیاء حضرت محمّد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کی آخری قسط لائے۔ ’’ولادتِ باسعادت سے رفیقِ اعلیٰ کی جانب سفر‘‘ کے رُوح پرور تذکرے کو چند اقساط میں لکھ کر گویا کوزے میں دریا سمو دیا۔ شاہد ہاشمی پمز اسپتال کے سانحے میں 14 پھول سی جانوں کا المیہ بیان کررہے تھے۔

اس واقعے میں غفلت اور نااہلی دونوں ہی نمایاں تھیں، چند ڈاکٹرز کو نوکری سے برطرف کرنا کوئی سزا تو نہ ہوئی، وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت سمیت تمام ذمّےداران کو فارغ کیا جاتا تو کچھ اشک شوئی ہوجاتی۔ محمّد ریاض ایڈووکیٹ ’’عالمی یومِ جمہوریت‘‘ پرحقیقت پسندانہ مضمون لائے۔ واقعی بیلٹ بکس بھرنےکا نام جمہوریت نہیں، ووٹرز کے مسائل حل ہونے چاہئیں۔

عوام کو خودکشیوں پر مجبور کرنے والوں کے تو منہ سے جمہوریت کا لفظ بھی اچھا نہیں لگتا۔ سلیم اللہ صدیقی پاکستان میں بینکاری کے قومیانے سے نج کاری تک کے سفر کی تفصیلات بتا رہے تھے۔ ماہرینِ معیشت کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ قومیانے سے پہلے پاکستان، جنوبی ایشیا میں رول ماڈل تھا۔

کوریا، ملائیشیا اور دوسرے ممالک ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی پیروی کرتے تھے اور آج وہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہیں اور ہم آئی ایم ایف کی ذلیل شرائط ماننے پر مجبور۔ منور مرزا پی آئی اے کی زبوں حالی کا رونا رو رہے تھے، تو اِس پی آئی اے کا بھی قومیانے کے دَورہی میں بیڑہ غرق ہوا، جیسے ریلوے، اسٹیل مل اور دیگر اداروں کا ہوا۔ رحمان فارس جنرل کیانی کے ہونہار صاحب زادے بلال اظہر کیانی کا خاکہ لائے۔

سیاست میں ذہانت و شرافت کے فقدان کے دَور میں ایسے لوگوں کا دَم غنیمت ہے۔ ڈاکٹر معین الدین عقیل اُردو کوقومی زبان بنانے کے قائدِاعظم کے وژن کا تذکرہ کررہے تھے۔ ہمارے خیال میں توعدم نفاذ کی اصل وجہ بیورو کریسی ہے۔ انگریز دَور کی تربیت یافتہ نوکر شاہی کا قبضہ اور دبدبہ انگریزی ہی کی وجہ سے توہے، وہ بھلا اُردو کے نفاذ سے اپنے پاؤں پر کلہاڑی کیوں مارےگی، جب کہ نااہل سیاست دان خُود بیورو کریسی کے محتاج ہیں۔

’’سینٹر اسپریڈ‘‘ میں شائستہ اظہر صدیقی نے فلسفیانہ رائٹ اَپ تحریر کیا، ویسے یہ اندروباہر کا تضاد ہی خرابی کی جڑ ہے۔ صوفیاء بھی اندر کی صفائی ہی پر زور دیتے رہے۔ عبیرہ خان غوری، برج سمر کیمپ کی تفصیلات بتا رہی تھیں۔ 

سید نصر اقبال نے سیکریٹری کھیل اور امورِنوجوانان، منور علی مہسر سے بات چیت کی۔ ڈاکٹر سکندر اقبال ’’سرکیڈین ردھم‘‘ پر ایک شان دار تحریر لائے اور اختر سعیدی نے نئی کتابوں پر ماہرانہ تبصرہ فرمایا،جب کہ ہمارے صفحے پرہماری ہی چٹھی اعزازی مسند پر براجمان تھی۔ (شہزادہ بشیر نقش بندی، میرپورخاص)

اس ہفتے کی چٹھی

ربیع الاوّل کی مناسبت سے محمود میاں نجمی نے ’’حیاتِ طیبہؐ ‘‘ پر رُوح پرور سلسلہ شروع کیا ہے۔ آپؐ کے اسوۂ حسنہ ہی میں آج کے انسان کی آسودگی ہے۔ منیر احمد خلیلی نے آبنائے ہرمز کی تاریخی حیثیت اور موجودہ حالات میں اس سمندری خطّے کی اہمیت و صُورتِ حال واضح کی۔ بلوچستان کی ترقی اور حکومتی اقدامات پر ابرار ندیم نے اہم معلومات فراہم کیں۔

رؤف ظفر کا موضوع انتہائی حسّاس تھا، اس لیے کہ ہر سال درجنوں افراد، خصوصاً نوجوان ان حسین مگر پُرخطر وادیوں کی نذر ہوجاتے ہیں۔ اس ضمن میں جہاں تنگ، پتھریلے راستے وجہ ہیں، وہیں نوجوانوں کے غیرمحتاط رویے بھی ہیں، مگر ان سب کے باوجود حکومتی نااہلی اور کوتاہی بھی نظرانداز نہیں کی جاسکتی۔

کیا ان راستوں کی خُوب صُورتی، بہتری اور بحالی حکومت کے دائرۂ اختیار سے باہر ہے، جو اِن پر توجہ نہیں دی جارہی۔ ’’شاعرِانفس و آفاق…احمد مشتاق‘‘ پر رحمان فارس کی تحریر دل چسپ رہی۔ ’’احمد کب کا لاہور چھوڑ چُکے کہ جس کی ہوائیں آج بھی اُن کی اور ان کے دوستوں ناصر کاظمی اور اسلم انصاری کی یادوں کی خوشبو بسائے، کبھی مال روڈ جاتی ہیں، کبھی لارنس گارڈن، کبھی اندرونِ شہر کی نیم تاریک گلیوں میں کسی تھڑے پر تھم ک بیٹھ جاتی ہیں تو کبھی کرشن نگر کی کسی مُنّی سی بیٹھک کی کھڑکی سے گلی میں جھانکتی ہیں۔‘‘

رحمان فارس کے لکھے تمام خاکوں میں مجھے یہ سب سے زیادہ پسند آیا اور اِن کے اس جملےکی تو کیاہی بات ہے کہ ’’نادرِ روزگار شخصیات کی نشانی یہ بھی ہے کہ وہ مدح و ذم سے بے نیاز سی ہوجاتی ہیں کہ نہ ستائش کی تمنّا، نہ صلے کی پروا۔‘‘ ڈاکٹر سکندر اقبال کی تحریر مفید ہونے کے ساتھ خاصی طویل بھی ہوتی ہے، مَیں سوچ رہا تھا، وہ اتنے مصروف پروفیشن میں سے اتنا وقت کیسے نکال لیتے ہیں۔ ’’پیارا گھر‘‘میں انزلہ صدیقی کی تحریر’’اسکرینز کی چکا چوند میں بکھرتے رشتے‘‘ آج کا المیہ ہے، کسی دانش وَر کا کہنا ہے۔

’’اگر تم نے بلاوجہ لوگوں سے ملنا جُلنا چھوڑ دیا ہے تو تم انسان نہیں، ایک ’’سافٹ ویئر‘‘ بن چُکے ہو، جو صرف کمانڈ پر چلتاہے، ہم اس دنیا میں مٹّی کی خوشبو سونگھنے، لوگوں سے ہاتھ ملانے اور بلاوجہ مُسکرانے آئے ہیں۔‘‘ اور شمائلہ نیاز! ہم ایڈیٹر صاحبہ کی کھری کھری سُننے ہی کے لیے تو خط لکھتے ہیں، مگر وہ اکثر ہمیں محروم ہی رکھتی ہیں۔ ویسے قرأت نقوی کے برقی خط کے جواب میں آپ نے درست لکھا کہ ہم راہ چلتی خواتین کو تو اندر تک اسکین کرنے کا ہنر رکھتے ہیں، مگر کبھی اپنا اندر اسکین کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ (رانا محمد شاہد، گلستان کالونی، بورے والا)

ج: جن میں کچھ کرنے کی لگن، شوق و جستجو، اپنا علم و ہنر بانٹنے، عام کرنے کی صلاحیت ہو،وہ پھر وقت بھی نکال ہی لیتے ہیں اور ڈاکٹر سکندر اقبال یقیناً ایسے ہی لوگوں میں شامل ہیں۔

گوشہ برقی خطوط

* ’’فادرزڈے اسپیشل‘‘ دیکھ کے دل بہت اداس ہوگیا کہ ایسے ایام دل پر سخت گراں گزرتے ہیں۔ ڈاکٹر سکندر اقبال کا ’’منشیات کی لت‘‘ پر مضمون بہت معلوماتی تھا۔ رحمان فارس کی بدولت کئی اَن مول ہستیوں سے ملاقات ہورہی ہے، پھر اندازِ تحریر بھی ایسا ہے کہ گھنٹوں سحرہی میں ڈوبے رہو۔

سید ثقلین علی نقوی نے عزت لکھنوی پہ اچھی تحریر رقم کی۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں خادم ملک کا خط پڑھ کے تو خون ہی کھول جاتا ہے۔ کیا بلاوجہ اونگیاں بونگیاں مارتے رہتے ہیں۔ ’’اِک رشتہ،اِک کہانی‘‘ کی دونوں کہانیوں کاجواب نہ تھا۔

ثانیہ انور کی’’شاپنگ بیگز‘‘ پر تحریر دیکھ کے دل خوش ہوگیا۔ جس موضوع پر لکھتی ہیں، کمال ہی لکھتی ہیں۔ ویسے یہاں ری سائیکلنگ کابہت اچھاسسٹم ہے۔ ڈاکٹر شکیل کی تحریر اچھی تھی، لیکن خدارا مضامین کے ساتھ ایسی خوف ناک تصاویر مت لگایا کریں۔ پیارا گھر میں سبزیوں کی تراکیب بہت پسند آئیں، سب ٹرائی کروں گی۔

’’ڈائجسٹ‘‘ کا’’ادھورا نقشہ‘‘ بھی اچھا تھا۔ ’’نئی کتابیں‘‘ میں مادرِعلمی، جامعہ کراچی پہ کتاب دیکھ کے بچپن کی اَن گنت یادیں تازہ ہوگئیں کہ جب میری والدہ وہاں سے ماسٹرز کر رہی تھیں اور مجھے بھی یونی ورسٹی ساتھ لے کے جایا کرتی تھیں۔ جامعہ کے کیفے ٹیریا کی بریانی، سموسوں کا ذائقہ آج تک یاد ہے۔ یہاں بےشمار ریستورانوں کی بریانی کھائی لیکن کراچی کی بریانی کا ذائقہ کہیں نہیں ملا۔ اسٹائل بزم تو اس بار خوب رنگارنگ پہناووں سے بَھری پڑی تھی۔

جریدے میں کینسے انیراپرجو مضمون شایع ہوا، اسے بہت پذیرائی ملی۔ ویسے یہاں سارا سال ہی لاطینی لڑکیاں خُوب صُورت ڈریسز کے ساتھ فوٹو شوٹ کرواتی نظرآتی ہیں۔ اور محمّد صفدر خان کی میرے لیے دُعاؤں کا بہت شکریہ۔ (قرات نقوی، ٹیکساس، امریکا)

* مَیں اُن ملبوسات کی قیمت پوچھنا چاہتا ہوں، جو سنڈے میگزین مورخہ 28 جون 2026 ءکی اسٹائل بزم کے شوٹ میں پہنے گئے۔ (محمّد حسین)

ج: شوٹ کے ساتھ کریڈیٹس(ڈیزائنر، سیلون وغیرہ کی تفصیلات) اِسی لیے درج کیے جاتے ہیں کہ اگر کوئی رابطہ کرنا چاہے تو کر لے۔ ہم آفس میں دکان سجا کر تھوڑی بیٹھ جاتے ہیں کہ آپ نے ہم ہی سے بھاؤ تاؤ شروع کر دیا۔

قارئینِ کرام کے نام !

ہمارے ہر صفحے، ہر سلسلے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ اس صفحے کو، جو آپ ہی کے خطوط سے مرصّع ہے، ’’ہائیڈ پارک‘‘ سمجھیے۔ جو دل میں آئے، جو کہنا چاہیں، جو سمجھ میں آئے۔ کسی جھجک، لاگ لپیٹ کے بغیر، ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم آپ کے تمام خیالات، تجاویز اور آراء کو بہت مقدّم ، بے حد اہم، جانتے ہوئے، ان کا بھرپور احترام کریں گے اور اُن ہی کی روشنی میں ’’سنڈے میگزین‘‘ کے بہتر سے بہتر معیار کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ ہمارا پتا یہ ہے۔

نرجس ملک

ایڈیٹر ’’ سنڈے میگزین‘‘

روزنامہ جنگ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی

sundaymagazine@janggroup.com.pk

سنڈے میگزین سے مزید