• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ٹیسٹ 2018، پاکستان کے خلاف بھی آسٹریلیا کی بال ٹیمپرنگ کی کوشش کا انکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے صرف 6 ماہ بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جانب سے گیند کی حالت غیرقانونی طور پر تبدیل کرنے کی ایک اور مبینہ کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ مشہور اسپورٹس براڈکاسٹر جیرارڈ واٹلی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں نے منٹ کی ٹافیوں کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے پر مشاورت کی تھی۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں جب آسٹریلوی بولرز کو گیند سے سوئنگ نہیں مل رہی تھی تو ایک کھلاڑی نے مبینہ طور پر پوچھا کہ منٹ ٹافیاں کس کے پاس ہیں اور آج گیند پر کام کون کررہا ہے؟ اس تجویز پر ایک نئے کھلاڑی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہم دوبارہ وہی حرکت کرنے جارہے ہیں؟ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق کپتان ٹم پین اور کوچ جسٹن لینگر نے مداخلت کرکے اس کوشش کو روک دیا تھا۔ لینگر نے میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کی سخت سرزنش کی اور آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سینڈ پیپر اسکینڈل کے بعد بھی آسٹریلوی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کی مبینہ کوششوں کا سلسلہ جاری تھا۔

اسپورٹس سے مزید