راولپنڈی ( ناصر چشتی خصوصی نمائندہ) 109دن گزر گئے مگر کلریکل سٹاف کی پروموشن کی انکوائری کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا ؟ 8 اگست 2026 کو 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ تاحال منظرعام پر نہیں لائی گئی جبکہ 5 دسمبر کو پری ڈی پی سی کا اعلان بھی کردیا گیا ہے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی میں انکوائری کو مبینہ طور پر غیر ضروری تاخیر کا شکار بنانے پر قانونی سوالات اٹھ گئے آئین و قانون،سروس رولز اور میرٹ کے تقاضوں کے مطابق شفاف تحقیقات کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی میں جونیئر کلرک سے سینئر کلرک اور سینئر کلرک سے اسسٹنٹ کے عہدوں پر 2019سے 2026تک ہونے والی ترقیوں کے حوالے سے جاری کردہ انکوائری احکامات پر عملدرآمد میں مبینہ تاخیر اور عدم پیش رفت پر تعلیمی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے دستیاب سرکاری ریکارڈ کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی یاسین بلوچ کی جانب سے انکوائری لیٹر نمبر 657/A-III کے تحت کلریکل سٹاف کی پروموشن کے معاملات کی تفصیلی انکوائری کے لیے رانا جاوید اختر پرنسپل گورنمنٹ ڈینیز ہائر سیکنڈری سکول راولپنڈی کو پروب انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا جنھیں سنیارٹی لسٹوں، ترقی پانے والے ملازمین کی اہلیت، منظور شدہ خالی آسامیوں اور ترقیوں کے نتیجے میں جاری ہونے والے احکامات کا جائزہ لے کر7 یوم کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔