• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کی تاریخی عمارتوں و قدیمی بازاروں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی کی8 تاریخی عمارتوں اور پانچ قدیمی بازاروں کو محفوظ بنانے کیلئے ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ مکمل کیا جائےگا۔ باغ سرداراں کمپلیکس،مرکزی جامع مسجد،حویلی سجان سنگھ،حویلی موہن سنگھ،کرشنا مندر، حویلی درگا نواس،کلیان داس مندر اور سینما کی عمارتوں کے ساتھ ساتھ تاریخی بازاروں جامع مسجد روڈ،پرانا قلعہ بازار،سرافہ بازار،بھابڑہ بازار اورباغ سردارں روڈ کوبھی اصل قدیمی صورت میں بحال کیا جا ئے گا۔ٹورازم آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ،ہیرٹیج کنزویشن اینڈ اربن ری وائٹیلائزیشن آف والڈ سٹی راولپنڈی پراجیکٹ 5886ملین روپے کی لاگت سے مکمل کرے گی۔منصوبہ میں راولپنڈی کے تاریخی ورثے کی اصل صورت میں بحالی، بیرونی حصے کی بہتری ،پیدل چلنے والوں کے لئے گلیوں،انڈرگراؤنڈ بجلی کے تاراورعوامی مقامات کی بحالی شامل ہے۔ راولپنڈی کے2546کینال 6مرلے پر محیط تاریخی اثاثوں، مقامات کو محفوظ بنانے کی تجویزڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی نے دی جسے صوبائی کابینہ منظور کرتے ہوئے راولپنڈی کی تاریخی عمارتوں اوربازاروں کو محفوظ تاریخی ورثہ قرار دیا ہے۔ والڈ سٹی راولپنڈی میں مغل،سکھ اورانگریز ادوار کی جھلک رکھنے والی تاریخی اورغیرمعمولی عمارتیں موجود ہیں۔
اسلام آباد سے مزید