کراچی(جنگ نیوز) پشاور میں پولیو مہم کے خلاف سازش کا پردہ چاک ہوگیا، بے ہوشی کا ڈرامہ کرنے کی وڈیو سامنے آگئی، ویکسین پینےوالے 700سے زائد بچے ٹھیک نکلے، اسپتال میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کے ذمہ داروں کو گرفتار نہ کیا جاسکا ۔ تفصیلات کےمطابق ایک وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بچوں کو اسپتال میں بیہوشی کا ڈرامہ کرنے کا کہتا ہے جس پر کمرے میں موجود تمام بچے اپنی اپنی جگہ پر لیٹ جاتے ہیں اور ظاہر کرتے ہیں جیسے وہ بیہوش ہوں ، اسی دوران وڈیو میں ایک اور شخص کہتا سنائی دیا جاتا ہے کہ دیکھیں یہ بچے پولیو ویکسین پینے کےبعد بیہوش ہوگئے ہیں، اسپتال میںان بچوں کا چیک اپ کیاجاتا ہے جہاں تمام بچے بالکل صحت مند ثابت ہوتے ہیں۔ قبل ازیں مذکورہ شخص گاڑی میں بیٹھے بچوں کو پشتو میں کہتا ہے کہ تم کو غلط قطرے پلائے گئے ہیں،وڈیو میں بچوں کی حالت ٹھیک نظر آ رہی ہے اور وہ ہنس رہے ہیں،مذکورہ شخص بچوں سے پوچھتا ہے تم اب کدھر جا رہے ہو؟ کیا اسپتال جا رہے ہو؟ ۔ بچوں سے ڈرامہ کروانے کے بعد مشتعل افراد نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور بنیادی مرکز صحت کی عمارت کو آگ لگادی تھی، بعد ازاں وزیرصحت خیبرپختونخوا ہشام انعام اللہ نے کہاہے کہ پولیو ویکسین بالکل ٹھیک ہے کوئی خطرے کی بات نہیں، اسپتالوں میںبچوں سے ملاقات کی، سب کی حالت ٹھیک تھی،ایک سازش کے تحت یہ صورتحال پیدا کی گئی ،تمام والدین کو یقین دلانا چاہتا ہوں کوئی خطرے کی بات نہیں،مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔