• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب بھر میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ

پنچاب بھر میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ


محکمہ صحت پنجاب نے رواں سال کے دوران 35 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کردی ہے جبکہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مشتبہ مریضوں کی تعداد  میں کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈینگی پھر سر اٹھانے لگا

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں اس وقت ڈینگی کے 5 کنفرم مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، شہر کے 9 زونز میں 5 ہزار ٹیمیں گھر گھر جاکر سرویلنس کا کام کر رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رواں برس آؤٹ ڈور کے بجائے اِن ڈور یعنی گھروں کے اندرسے ڈینگی لاروا زیادہ نکل رہا ہے، گملے، زیرِ تعمیر مکانوں کی چھتیں، ٹائر اور کولرز کا پانی ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بن رہےہیں، ڈینگی لاروا نکلنے پر 750 مقدمات درج کیے جا چُکے ہیں۔

ڈی سی لاہور صالحہ سعید کہتی ہیں کہ 16ستمبر سے انسداد ڈینگی ویک منایا جارہا ہے، اسکولوں کی صفائی پرخصوصی توجہ دینے اورطلبہ کو بازوؤں والی قمیض پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکریٹری صحت پنجاب محمد عثمان کے مطابق فرضی کارروائیوں اور اسپتالوں کی غلط رپورٹنگ سے ڈینگی زیادہ پھیلا، تھرڈ پارٹی اویلیوایشن کرائی جائےگی، جس کی رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے مرتکب اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تھرڈ پارٹی اویلیوایشن کا آغاز راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور کے اسپتالوں سےکیا جائے گا۔

سرگودھا میں بھی ڈینگی کے شواہد ملے ہیں


دوسری جانب پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھی 55 سے زائد مقامات سےڈینگی لاروا کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔

اس وقت ڈینگی کے 6 مریض ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیرِعلاج ہیں، میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے سپرے کے لئے بجٹ نہیں ہے۔

راولپنڈی میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد 1700 سے تجاوز کرگئی ہے، اس وقت بھی ڈینگی سے متاثرہ 510 مریض راولپنڈی کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ڈینگی سرویلنس تیز کرنے کا حکم

خیبر پختونخوا ہ کے مینگورہ شہر کے بعد کانجو اور دیگر علاقوں کو بھی ڈینگی مچھر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سیدو شریف اسپتا ل کے ترجمان ڈاکٹر نجیب اللّٰہ کے مطابق سیدو شریف تدریسی اسپتال میں اب تک 133 مریضوں کو لایا گیا ہے، جن میں سے طبی امداد کے بعد 104 مریضوں کو فارغ کردیا گیا ہے۔

سیدو شریف اسپتا ل میں 26 مریض زیرِ علاج ہیں، ڈینگی سے متاثرہ زیادہ تر مریضوں کا تعلق یوسی ملوک آباد، رنگ محلہ، قمبر اور لنڈیکس سے ہے تاہم ڈینگی کا وائرس ضلع کے مختلف علاقوں میں پھیل رہا ہے۔

تازہ ترین