• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساؤتھ ایشین گیمز، شاہدہ کا پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل، کراٹے سنگل کاتامیں کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراٹے کی پاکستانی کھلاڑی شاہدہ عباسی نے نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہونے والے 13ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ شاہدہ عباسی نے یہ تمغہ کراٹے ’’سنگل کاتا‘‘ کیٹگری میں 42 پوائنٹس حاصل کر کے جیتا۔ گولڈ میڈل جیتنے والی شاہدہ عباسی کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے ۔ انھوں نے اپنی ساتھی کھلاڑیوں نرگس اور گل ناز کے ساتھ مل کر ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا ہے۔ مردوں کے سنگل کاتا ایونٹ میں پاکستان کے نعمت اللّٰه نے چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ ٹیم ایونٹ میں نعمت اللّٰه، نعمان اور نصیر احمد کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں شوٹر گلفام جوزف نے پاکستانی پرچم تھام کر قومی دستے کی قیادت کی۔ پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی ہے جہاں والی بال کے مقابلوں میں پاکستان کا مقابلہ منگل کو بھارت سے ہو گا۔ ٹینس ٹورنامنٹ کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان سری لنکا ٹیم کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ پیر کو اعصام الحق اور عقیل خان نے سنگلز، عابد اور مذمل نے ڈبلز کا میچ جیتا۔ سیمی فائنل میں پاکستان مینز ٹینس ٹیم بھوٹان سے مقابلہ کرے گی۔خواتین ٹینس ٹیم منگل کو سری لنکا سے مقابلہ کرے گی۔

تازہ ترین