• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہرِ قائد میں آج دن بھر تیز ہوائیں چلیں گی

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے درمیان موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ آج پورا دن تیز ہواؤں کے چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 12اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں شمال مشرق کی سمت سے 21 سے 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے۔

اُدھر بلوچستان، خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں کل سے پھر تیز ہوائیں چلیں گی

وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حالیہ زلزلوں اور برف باری کی وجہ سے تمام اضلاع متاثر ہوئے ہیں، جس میں حکومت اور پاک فوج نے مل کر پھنسے ہوئے لوگوں کو مشکلات سے نکالا ہے۔

یہ بھی دیکھئے:کراچی میں  تیز ہوائیں چلنے کا امکان 


وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کا کہنا ہے کہ استور اور بلتستان کے دور دراز علاقوں کے عوام مشکلات سے دو چار ہیں، زلزلے کی وجہ سے استور روڈ کو نقصان پہنچا جس سے تقریباً 34 کلو میٹر تک سڑک تباہ ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے لیے خیمے، خوراک اور دیگر اشیاء پاک آرمی کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پہنچائی گئیں جبکہ پاک آرمی کی جانب سے ہر چوک میں میڈیکل کیمپ بھی لگا دیے گئے ہیں۔

بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں جمعے، ہفتے کو شدید سردی کا امکان

آزاد کشمیر میں مظفر آباد، نکیال، ہٹیاں بالا، اٹھ مقام اور باغ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، وادیٔ گریس اور وادیٔ نیلم کے علاقوں کیل، شاردہ، شونٹر، وادیٔ سُرگن اور بالائی پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری ہوئی۔

سوات، مالا کنڈ، دیرِ بالا، ہنگو، پارا چنار اور چترال میں بارش اور برف باری سے موسم سرد ہو گیا۔

ضلع استور میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، شدید برف باری سے زلزلہ متاثرین سمیت بالائی علاقوں کی عوام کے مسائل اور مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ علاقے کا واٹر سپلائی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسمی صورتِ حال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک بھر میں سردی بڑھ گئی، مری میں تیز برف باری

وادیٔ نیلم، وادیٔ لیپہ اور حویلی میں متعلقہ سرکاری اداروں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بلند پہاڑی مقامات پر زیادہ برف پڑنے کا امکان ہے۔

ایس ڈی ایم اے کی جانب سے سڑکوں کی بندش کی صورت میں محکمۂ مواصلات، نیشنل ہائی وے اور ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری ردِ عمل کے لیے تیار رہیں۔

ایس ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ وادیٔ نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خدشات ہیں، ریسکیو ٹیمیں پہلے سے وادیٔ نیلم روانہ کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں جمعے تک سردی کا ڈیرہ

ایس ڈی ایم اے نے یہ بھی بتایا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں ریلیف آپریشن میں کنٹرول لائن پر تعینات فوج سے بھی مدد لے سکیں گی۔

ادھر موٹر وے ایم ون پشاور سے اسلام آباد تک شدید دھند ہے، موٹر وے پر دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ 50 میٹر رہ گئی۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کریں، گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ڈرائیور حضرات سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

تازہ ترین