• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں کو بدنام کرنے والے ملاقات کے لیے وقت مانگتے ہیں، مراد سعید


وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ کل چوروں کی مجلس ہوئی ہے، اداروں کو باہر جاکر ٹارگٹ کرنے والے پھر ملاقات کے لیے وقت بھی مانگتے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ کل جو چوروں کی مجلس ہوئی ہے اس کے بعد جشن صرف بھارت میں منایا جارہا ہے، جبکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ سیلاب، زلزلہ یا کورونا ہو تو اس پر فوج کی مدد لی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اداروں کو متنازع نہ بنایا جائے، یہ لوگ ملاقاتوں کے لیے وقت مانگتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا اپوزیشن کو ایک واضح پیغام تھا کہ اپنی سیاست خود کریں فوج کو نہ گھسیٹیں، یہ ملاقاتوں کے خواہشمند ہوتے ہیں اور اداروں کو متنازع بھی بناتے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ پچھلے ہفتے ملاقات میں سب کا اتفاق تھا کہ گلگت بلستان کو صوبہ بنایا جائے، فوج نے ان کو واضح پیغام دیا کہ فوج کو سیاست میں نہ لے کر آئیں۔


انہوں نے کہا کہ یہ ہی لوگ اداروں کو ٹارگٹ کرتے ہیں اور یہ ہی لوگ ملاقات کے لیے وقت مانگتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک آگے بڑھ رہا ہے، کورونا میں بھی پاکستان کو کامیابی ملی ہے، جس کی ڈبلیو ایچ او مثالیں دے رہا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن پر واضح کردیا کہ تمام امور پر بات ہوسکتی ہے لیکن این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کو امن سے جانتی ہے۔

کراچی پر بات کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ کراچی کے لیے 11 سو ارب روپے کا پیکج آچکا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش تھی کہ حکومت کو غیر مستحکم کریں گے لیکن یہ خواہش پوری نہیں ہوئی، اپوزیشن بے نقاب ہوگئی ہے اور یہ پہلی بار نہیں ہوا۔

تازہ ترین