ماضی میں بالی ووڈ کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والی بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کا اپنی شادی کی21ویں سالگرہ کے موقع پر کہنا ہےکہ وہ اپنے شوہر ڈاکٹر سریرام مادھونین کی بہت مشکور ہیں کہ اُنہوں اپنے ہمسفر کے لیے اداکارہ کا انتخاب کیا۔
مادھوری ڈکشٹ نے اپنی شادی کی 21ویں سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے شوہر ڈاکٹر سریرام مادھونین کے ہمراہ ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اُن کے لیے محبت بھرا پیغام بھی جاری کیا ہے۔
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مادھوری ڈکشٹ نے لکھا کہ ’آج میرے سب سے پسندیدہ شخص کے ساتھ مہم جوئی اور محبت سے بھرپور ایک اور سال کا آغاز ہوگیا ہے۔‘
مادھوری ڈکشٹ نے اپنے شوہر کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہم شادی کے اتنے سالوں بعد بھی ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔‘
بھارتی اداکارہ نے اپنے شوہر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کی بےحد مشکور ہوں کہ آپ نے اپنے ہمسفر کے لیے میرا انتخاب کیا۔‘
دوسری جانب مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر سریرام مادھونین نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وہی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج سے 21 سال قبل میری زندگی میں میری سب سے بہترین دوست شامل ہوئی اور پھر ہم دونوں نے ایک ساتھ مل کر اپنے سفر کا آغاز کیا۔‘
اُنہوں نے اپنی اہلیہ مادھوری ڈکشٹ کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمہارے ساتھ میرا ہر دن حیرت انگیز گُزرتا ہے اور میں تمہارے ساتھ مل کر بہت ساری مہم جوئی کرنےکا منتظر ہوں۔‘
واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے 17 اکتوبر 1999 کو ڈاکٹر سریرام مادھونین سے شادی کی تھی اور اس جوڑی کے دو بچے ہیں۔