• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن سٹی کی جانب سے پاکستان کے سابق سفیر پاکستانی نژاد امریکی سفیر سید احسانی کی کمیونٹی کیلئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں پائینر پارک وے کا  نام سید احسانی پارک وے رکھ دیا گیا۔

اس ضمن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میئر آرلنگٹن، پاکستانی قونصل جنرل، ریاست ٹیکساس اسمبلی کے رکن، سٹی کونسل کے اراکین ، کائونٹی کمشنر ،عمائدین شہر، پولیس چیف، علما دین، سمیت عمائدین شہر نے شرکت کی اور سفیر سید احسانی کی خدمات پر انکو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

میئر آرلنگٹن ڈاکٹر وکٹوریہ فیرر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفیر احسانی کمیونٹی کے عظیم لیڈر تھے، جنہوں نے یہاں رہنے والی مسلم کمیونٹی کو نہ صرف ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا بلکہ مستقبل کیلئے ایسے رہنمائوں کو تربیت دی جو کہ اب بھی فلاحی کاموں سمیت سیاسی امور اور دیگر معاملات میں مقامی کمیونٹی کے ہمراہ شہر اور ریاست کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں اور شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک اہم اثاثہ ثابت ہوئے ہیں۔

میئر نے کہا کہ سفیر احسانی کے نام سے جو پائینر ہائی وے منسوب کیا گیا ہے، یہ اس شہر کا انٹرنیشنل کورٹ ہے جبکہ یہ سٹی کیلئے بھی ایک اعزاز ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم یہاں بسنے والے تمام کمیونٹی کے افراد کو ایک ساتھ لے کر چلتے ہیں اور سٹی انتظامیہ تنوع ثقافت کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جو بھی اس نام کو گوگل کر کے دیکھے گا، اس کو معلوم ہو گا کہ یہ صرف ایک سائین نہیں ہے بلکہ علامت ہے ، اس کام کیجس کے لئے سفیر احسانی ہمیشہ متحرک رہے، انہوں نے کہا کہ وہ اس ضمن میں شکر گزار ہیں سید فیاض حسن اور آفتاب صدیقی کی کہ وہ یہ تجویز لے کر آئے اور آج انکا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

انہوں نے اس  موقع پر سفیر سید احسانی کی اہلیہ جو کہ تقریب میںموجود تھیں کا بھی شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ میں آپکی بھی شکر گزار ہوں کہ آپ نے گزشتہ 30سالوں سے یہاں مقیم ہیں۔

تقریب سے پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ایچ ہاشمی نے اپنے خطاب میں میئر آرلنگٹن، اسٹیٹ رپرزینٹٹیو، کمشنر، سمیت تمام عملہ اور کمیونٹی کاشکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سفیر احسانی کی خدمات پر اس شہر کے ہائی وے کا نام ان کے نام سے موسوم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سفیر احسانی کا تعلق تین طرح میرے ساتھ ہے کہ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں بحیشیت پاکستانی سفیر نمائندگی کی، وہ پاکستانی بھی تھے اور ایک مسلمان بھی تھے، انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں یہاں اس تقریب میں شامل ہوا اور خوشہ کے ان لمحات میں آپکے ساتھ شریک ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سفیر احسانی نے پاکستان میں فارن سروسز اکیڈمی کی بنیاد ڈالی  جس سے میں بھی فارغ التحصیل ہوا ہوں جبکہ آج تقریباً دنیا بھر کے90ممالک میں ہمارے موجود سفارتکار اسہی اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہوکر ان تمام ممالک میں اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں جس کی بنیاد سفیر احسانی نے ڈالی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے لے کر امریکا وہ جہاں بھی رہے ، انہوں نے اپنی کمیونٹی کے لوگوں کیلئے بھرپور کام کیا جبکہ انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ ایک بہترین اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا جہاں آپ کو آزادیاں میسر ہیں اس کا سفیر احسانی نے فائدہ اٹھاتے ہوئےاور امریکہ کے اس سسٹم میں رہتے ہوئے مستقبل کیلئے کمیونٹی لیڈران کی تربیت کی انکو سیاست کے گُر سکھائے اور وہ نہ صرف اس شہر میں بلکہ پورے ٹیکساس میں امریکی سیاسی نظام کا حصہ بنکر کمیونٹی کی فلاح بہبود کا ساتھ ساتھ اپنے آبائی وطن کا نام روشن کررہے ہیں اور علاقائی اور قومی سیاست میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ساتھ ساتھ اپنے ملک کے کلچر کو بھی یہاں پروان چڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔

اس موقع پر ریاست ٹیکساس اسمبلی کے رکن کرس ٹرنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفیر احسانی امریکہ آئے اور انہوں نے آرلنگٹن شہر کو اپنا مسکن بنایا جہاں انہوں نے مقامی یونیورسٹی سے لیکر کمیونٹی رہنماؤں کے سیاسی تربیت کی اور انکو تعلیم دی تاکہ مسلمان بھی یہاں کے سیاسی نظام کا حصہ بن سکیں اس لئے انہوں نے ڈیمو کریٹک پارٹی میں مسلم کاکس کی بنیاد بھی ڈالی اور مسلمانوں کو سیاسی تعلیم دے کر مستقبل کیلئے نوجوان نسل کو تیار کیا جو کہ اب ہر سطح پر آج اپنا کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ سفیر احسانی کی لیگسی اور میراث کا ہی نتیجہ ہے کہ ریاست ٹیکساس کے مسلمان آج بڑی تعداد میں اس سیاسی نظام کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔

  تقریب کی نظامت کے فرائض سید فیاض حسن نے انجام دئیے جبکہ دیگر مسلم رہنماؤں جس میں ڈاکٹر ریاض حیدر پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک، عابد بیگ کشمیری عماد سالم، پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر جاوید اجمل، راجہ زاہد اختر خانزادہ سمیت متعدد کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تازہ ترین