لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نام زد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوتِ ولیمہ میں ان کے بھائی مبشر کھوکھر کو فائرنگ سے قتل کرنے والے گرفتار ملزم ناظم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنے بھائی اور چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ملک مبشر کو قتل کیا۔
صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کے ملزم ناظم سے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے جن کے مطابق ملزم شادی کی تقریب میں سوا 8 بجے ہی آ گیا تھا، اسے سیکیورٹی نے چیک ہی نہیں کیا تھا۔
ملزم ناظم نے پولیس کو بتایا کہ شادی کی تقریب میں، میں مہمانوں کے ساتھ ہی جا کر بیٹھ گیا تھا، اسد کھوکھر اور ان کے بھائی مدثر 2 بار میرے پاس سے گزرے۔
پولیس کو ملزم نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار واپس جانے لگے تو تینوں بھائی ان کے ساتھ تھے، میں وزیرِ اعلیٰ کے پیچھے پیچھے مارکی (شادی ہال) سے باہر آ گیا۔
بیان میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار گاڑی میں بیٹھے تو میں نے آگے بڑھ کر مبشر پر فائرنگ کر دی، جس پستول سے فائر کیا وہ لائسنس یافتہ تھا جسے 40 ہزار روپے میں خریدا تھا۔
ملزم ناظم نے پولیس کو وجۂ قتل بتاتے ہوئے کہا کہ مبشر میرے بھائی بلے اور چچا کے قتل میں ملوث تھا، منشا کے قتل میں 8 سال جیل کاٹ کر آیا ہوں، قتل کی منصوبہ بندی خود کی۔