روزانہ 2 کیلے کھانے کے صحت پر حیرت انگیز اثرات

November 22, 2021

چھوٹے بڑوں کے پسندیدہ پھل کیلے سے متعلقماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ دو کی تعداد میں کیلے کھانے سے ہائی بلڈ پریشر سمیت متعدد طبی شکایات سے بچا جا سکتا ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق غذائیت سے بھر پور پھل ایک عدد کیلے میں 105 یا 89 کیلوریز (حجم کے مطابق)، 75فیصد پانی، 23فیصد کاربوہائیڈریٹس، 1 فیصد پروٹین، 9 فیصد پوٹاشیم، 33 فیصد وٹامن بی 6، 8 فیصد میگنیشیم، 31 فیصد فائبر ، 11 فیصد وٹامن سی جبکہ پانی کی مقدار بھی پائی جاتی ہے ۔

ماہرین کے مطابق کیلے کا روزانہ استعمال انسانی صحت پر حیرت انگیز اثرات کا سبب بنتا ہے، اس کے استعمال سے نظامِ ہاضمہ بہتر، ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے، اگر روزانہ کی بنیاد پر دو کیلوں کا استعمال کر لیا جائے تو اس پھل کے مکمل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر دو عدد کیلے غذا میں ضرور شامل کرنے چاہئیں، اس عادت کے نتیجے میںانسانی جسم کو مطلوب غذائیت کا حصول ممکن ہوتا ہے جبکہ دو سے زائد کیلوں کا استعمال نیوٹریشنسٹ کے مشورے سے ہی کرنا چاہیے۔

ماہرین کی جانب سے بتائے گئے کیلوں کے استعمال کے صحت پر حیرت انگیز فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

روزانہ دو کیلوں کے استعمال کے نتیجے میں جسم سے وٹامنز کی کمی ختم ہو جاتی ہے اور جسم کو انسولین، ہیموگلوبن، اور امینوایسڈ تیار کرنے میں مدد ملتی ہے جو صحت مند خلیوں کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔

کیلوں کا روزانہ استعمال ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کرتا ہے، ایک کیلے میں 420 ملی گرام پوٹاشیم پایا جاتا ہے جو کہ آرٹیریل پریشر کو متوازن سطح پر رکھتا ہے۔

روزانہ دو کیلے کھانے کے نتیجے میں وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے، اس کے استعمال سے خون میں شوگر لیول متوازن رہتا ہے اور فائبر کے سبب پیٹ بھرا رہتا ہے اور انسان اضافی بھوک سے بچ جاتا ہے۔

کیلوں کا روزانہ استعمال ذہنی تناؤ سے نجات دِلاتا ہے اور پوٹاشیم کی وافر مقدار پٹھوں کے درد اور ذہنی دباؤ میں کمی کا سبب بنتی ہے۔

خون کی کمی کا شکار افراد کو باقاعدگی سے دو کیلوں کا روزانہ استعمال کرنا چاہیے، اس عمل کے نتیجے میں خون کی کمی دور، چہرے کی زردی کا خاتمہ اور رونق بحال ہو جاتی ہے۔

کیلوں میں آئرن کی بھی مقدارپائی جاتی ہے جو کہ خون کے سرخ خلیات کی افزائش میںاہم کردار ادا کرتی ہے۔