جتھوں سے حکومتیں بنانا اور ہٹانا درست نہیں، جاوید لطیف

May 27, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ جتھوں اور پریشر گروپس سے حکومتیں بنانا اور ہٹانا درست نہیں ہے،سینئر صحافی عاصمہ شیرازی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر نہ بھیجا جاتا تو اگلے سیٹ اپ میں فاشزم بڑھ جاتی ،سینئر صحافی و تجزیہ کار طلعت حسین نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ جو کہا ہے اس کا الٹ ہی کیا ہے۔ ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ حکومت جاتی ہے یا نہیں یہ حالات پر منحصر ہے، کل پاکستان بند تھا اس کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر ہے، جتھوں اور پریشر گروپس سے حکومتیں بنانا اور ہٹانا درست نہیں ہے، جتھے اور پریشر گروپس جوان ہوجائیں تو ریاستی اداروں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، چار ہفتوں کی حکومت کی نیت پر شک کر کے مداخلت کرنا درست نہیں ہے، چار ہفتوں کی حکومت کی نیت پر شک کر کے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے جائیں گے تو وہ کیسے پرفارم کرے گی۔