پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے‘ رضا ربانی

July 06, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کو کمزور اور اختیارات کی مثلث کے تصور کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ یوم سیاہ پر ایک بیان میں سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ آج سے 45 برس قبل ایک منتخب وزیراعظم کو آمریت کے نتیجے میں ہٹایا گیا تھا، سینیٹر رضا ربانی نے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی سامراج اور پاکستان میں رجعت پسند قوتوں کی سازش کے باعث بھٹو حکومت ختم کی گئی انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قومی اور جمہوری مفاد پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا، ذوالفقار علی بھٹو کو اسی لئے عدالتی قتل کے ذریعے مثال بنایا گیا۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پھانسیاں دی گئیں۔