پاکستان کے لئے کھیلنا پاکستانی کرکٹرز کی اولین ترجیح، پی سی بی

August 08, 2022

کراچی(عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز ،پی سی بی کے ساتھ اس نکتے پر سوفیصد متفق ہیں کہ پاکستان کے لئے کھیلنا ان کی اولین ترجیح ہے غیر ملکی لیگ میں پیشکش کی صورت میں کرکٹرز کے نقصان کا ازالہ اس وقت کیا جائے گا جب پاکستانی ٹیم فارغ ہوگی۔پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کو حتمی شکل دیتے وقت بابر اعظم سمیت تمام سنیئر کھلاڑیوں سے مشاورت کی تھی اور ان کی تجویز کی روشنی میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔اتوار کو پی سی بی ترجمان نے جنگ کے استفسار پر بتایا کہ غیر ملکی لیگ میں کھلاڑیوں کو نقصان کے ازالے کے لئے پیسے اس وقت دیئے جائیں گے جب پاکستانی ٹیم مصروف نہیں ہوگی اور کسی کھلاڑی کو دنیا کی کسی لیگ کے لئے پیشکش کی جائے گی۔کرکٹرز کو علم ہے کہ ملک کے لئے کھیلنا ان کی اولین ترجیح ہے۔یہی وجہ ہے کہ جو کھلاڑی کسی دورے یا سیریز میچ نہیں کھیلتے ان کا معاوضہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں پچاس فیصد میچ فیس سے بڑھا کر70فیصد کردیا گیا ہے۔پی سی بی نے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں دس فیصد اضافہ کردیا ہے جبکہ چیئرمین رمیز راجا نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں مجموعی طور پر 25فیصد اضافہ کردیا ہے۔واضع رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 33کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جس میں خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ریڈ بال اور وائٹ بال کے کرکٹرز کو الگ الگ کنٹریکٹ ملے ہیں۔سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے نام چیف سلیکٹر محمد وسیم نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران بتائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کرکٹرز کے ماہانہ معاوضوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ اضافہ کتنے فیصد ہے۔پچھلے سال اے کیٹگری کے کرکٹر کو تقریباً تیرہ لاکھ 75 ہزار روپے ماہانہ ملے تھے۔بی کیٹگری کے کرکٹر کو گذشتہ سال ملنے والی ماہانہ رقم نو لاکھ 37 ہزار پانچ سو روپے تھی جبکہ سی کیٹگری کے ایک کرکٹر کو ماہانہ چھ لاکھ 87ہزار پانچ روپے ملے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی دس دس فیصد اضافہ کردیا ہے۔