بھارت کا 14 اگست کو تقسیم کی ہولناک یادوں کے طور پر منانا قابل مذمت، دفتر خارجہ

August 11, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ایک اور شرارت کرتے ہوے پاکستانی یوم آزادی 14 اگست کو بطور "ہولناک تقسیم کا یادگاری دن" منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا بھارتی حکومت کا 14اگست کو ’ہولناک تقسیم کا یادگاری دن‘ منانے کا شرارتی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی حکومت منافقانہ، یکطرفہ طور پر1947ء کے المناک واقعات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ جبکہ بی جے پی حکومت کا سیاسی ایجنڈا منقسم، انتہائی افسوس ناک ہے۔ ترجمان نے کہا بھارتی حکومت اپنے منقسم سیاسی ایجنڈے سے تاریخ مسخ کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا بھارتیہ جنتا پارٹی تاریخ کی مسخ شدہ تشریح سے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا بھارتی قیادت کو درحقیقت اذیت، تکلیف کا ادراک ہے تو بھارتی مسلمانوں، دیگر اقلیتوں کے حالات بہتر کرے۔