آلودہ پانی 80 فی صد بیماریوں کا باعث بنتا ہے، نعیم بازئی

September 29, 2022

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام " پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور غذائی اجزاء کی کمی" کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں منرل و بوٹلڈ واٹر کمپنیوں کے اونرز سمیت مختلف کھانے پینے کے مراکز کے مالکان و ورکرز اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے آفیسران نے شرکت کی ۔ سیمینار کے شرکاء کو پرفیسر ڈاکٹر باقی درانی (بولان میڈیکل اینڈ ہیلتھ یونیورسٹی کوئٹہ) ، ڈاکٹر علی اکبر (بلوچستان یونیورسٹی) و دیگر نے آلودہ و جراثیم زدہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور غذائی اجزاء کی کمی کی وجوہات و نقصانات بارے تفصیلاً آگاہی دی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا سیمینار کے اختتام پر کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق آلودہ پانی 80 فی صد بیماریوں کا باعث بنتا ہے ،جن میں ہیپاٹائٹس، آنتوں ،معدہ، جگر ،گردے کی بیماریاں ،کینسر اور دیگر جان لیوا بیماریاں شامل ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے سیمینار میں موجود پینے کا پانی فروخت و سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا کہ امید ہے کہ آپکے پلانٹس میں کام کرنے والے کارندوں کو صاف پانی کی اہمیت اور اس میں ڈالے جانے والی نمکیات و دیگر غذائی اجزاء کی مناسب مقدار کا ادراک ہوگا ، انہوں نے کہا کہ یقیناً سیمینار کے انعقاد سے شرکاء کی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں و غذائی اجزاء کی کمی بارے معلومات میں اضافہ ہوا ہوگا ۔