اِدھر شادی، اُدھر طلاق

November 01, 2022

شوبزنس کے اسمانوں پر جگمگاتے چند ستارے، شہرت اور دولت کے راستے پر چل کر رشتوں کی اہمیت بُھول جاتے ہیں۔ ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے فن کاروں کی آپس میں جلدی جلدی شادیاں اور پھر اچانک جلد ہی اداس کرنے والی طلاق کی دِل خراش خبریں سامنے آرہی ہیں۔ رنگین اور روشنیوں کی دُنیا میں رہنے والے چند فن کار جب شوٹنگ سے فارغ ہوکر گھر پہنچتے ہیں، تو وہاں کے اندھیرے اور سناٹے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان فن کاروں کے شادی جیسے اہم رشتے کو مذاق بنا رکھا ہے، جب دِل چاہا شادی کرلی، جب دماغ خراب ہوا طلاق دے دی!! دولت اور شہرت کے نشے میں انہیں اپنے جگر کے ٹکڑے بھی دکھائی نہیں دیتے ہیں۔

معصوم بچوں کو تنہا چھوڑ کر یہ فن کار شوبزنس کی رنگینیوں میں کھو جاتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے، جیسے شوبزنس میں طلاق دینا اب فیشن بن گیا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ لڑکی اور لڑکا اپنے علیحدہ ہونے اور طلاق کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے خود دیتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے، جیسے وہ اپنے مداحوں کو نئی فلم یا ڈراما سیریل کی اطلاع دے رہے ہوں۔ اسکرین کی مصنوعی دُنیا میں کام یابی حاصل کرنے والے فن کار، حقیقی زندگی میں اتنے ناکام کیوں دکھائی دیتے ہیں۔

انہیں طلاق سے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ شہرت یافتہ فن کار اپنی شادیاں دُھوم دھام سے کرتے ہیں، اس موقع پر بے انتہا دولت خرچ کی جاتی ہے۔ خُوب ناچ گانا ہوتا ہے، پھر نہ جانے ان کو کیا ہو جاتا ہے، کس کی نظر لگ جاتی ہے۔ ہنستی مسکراتی جوڑیاں ٹُوٹ جاتی ہیں۔ اس موقع پر ہمیں نورجہاں کا گایا ہوا ایک مشہور گیت یاد آرہا ہے۔ ’’دو قدم چل کے مجھے چھوڑ کر جانے والے ، تُو نے تَو منزل پر پہنچنے کی قسم کھائی تھی۔‘‘ فن کاروں کی طلاقوں سے ان کی مقبولیت اور شہرت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پاکستان کی شوبزنس انڈسٹری میں یہ ہو کیا رہا ہے، اِدھر شادی اُدھر طلاق، یہ سب بچوں کا کھیل ہے کیا؟ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے دِل خراش خبروں سے صورت حال خراب ہو رہی ہے۔ مداحوں میں مایوسیاں پھیل رہی ہیں۔

درجنوں ڈراموں میں کام کرکے فلم انڈسٹری کی جانب سے کام یابی سے قدم بڑھانے والے اداکار عمران اشرف برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے تھے کہ اچانک ان کے طلاق کی خبر آگئی، دِل اداس ہوگیا۔ عمران اشرف کی رواں برس ریلیز ہونے والی بہ طور ہیرو ’’دم ستم‘‘ کو دنیا بھر میں پزیرائی ملی۔ امر خان اور عمران اشرف کو سلور اسکرین پر بہت پسند کیا گیا۔ ڈراما انڈسٹری میں عمران اشرف کو’’بھولے‘‘ کے کردار سے منفرد پہچان ملی، بعد ازاں انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 2018 میں انہوں نے معروف ماڈل گرل کرن اشفاق سے دُھوم دَھام سے شادی کی۔

دونوں ہنسی خوشی ازدوجی زندگی بسر کررہے تھے۔ شادی کی سال گرہ بھی مناتے تھے، پھر نہ جانے کس کی نظر لگ گئی، تین چار برس بعد ان کی طلاق ہوگئی۔ ان کا ہنستا مُسکراتا گھر اجڑ گیا، ان کا ایک خُوب صورت بیٹا ہے، جس کا نام روہم ہے۔ اس بچے کا کیا بنے گا۔ دونوں میاں بیوی نے نہیں سوچا اور ہمیشہ کے لیے الگ ہوگئے۔ عمران اشرف اور کرن اشفاق نے سوشل کے ذریعے اپنے طلاق کی خبر دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم یہ اعلان بہت بھاری دِل سے کررہے ہیں، ہم دونوں کی بنیادی فکر اب ہمارا بیٹا ’’روہم‘‘ رہے گا۔ مداح اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیں اور نجی معاملات کا خیال رکھیں‘‘۔

عمران اور کرن کو شادی سے قبل سوچنا چاہیے تھا کہ کیا وہ اچھے شریک حیات بن سکتے ہیں!! اب کیا فائدہ ایک دوسرے کا احترام کرنے کا۔ ’’روہم‘‘ کا تو سوچا ہوتا۔ واضح رہے کہ عمران اور کرن کے طلاق کی خبریں کافی عرصے سے گردش کررہی تھیں۔ آخر کار دونوں نے ان خبروں کی تصدیق کردی۔ آج کل ایسا ہی ہو رہا ہے کہ پہلے علیحدگی خبریں اور خاموشی اور پھر طلاق ہو جاتی ہے، لیکن دونوں کی جانب سے چُپ اختیار کی جاتی ہے اور پھر انہیں تصدیق کرنی پڑتی ہے۔

اب ہم بات کرتے ہیں فلموں کی ہیروئن اور ڈراموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کرنے والی اداکارہ ثنا فخر کے طلاق کی۔ ثنا نے شوبزنس انڈسٹری میں فلموں میں بہ طور ہیروئن اپنی شناخت بنائی، کئی کام یاب فلمیں ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ شادی سے پہلے ان کا نام جاوید شیخ کے ساتھ کئی برس جڑا رہا !! اور پھر 2008 میں فخر جعفری سے ان کی شادی ہوگئی۔ شادی کے بعد وہ لاہور سے کراچی آگئیں اور یہاں ڈراموں میں کام کرتی رہیں، فخر جعفری سے ثنا کے دو بچے ہیں۔ ثنا نے سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کی اطلاع دی اور کہا کہ ’’ہم نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جدائی تکلیف دے ہوتی ہے۔ میں اپنے شوہر فخر کے ساتھ زندگی کے کئی نشیب و فراز دیکھ چکی ہوں‘‘۔ 14برس کی ازدواجی زندگی کا خاتمہ اچانک کیسے ہوگیا۔ ’’وقت کرتا ہے پرورش برسوں حادثہ ایک دَم نہیں ہوتا‘‘ ان کے مابین لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات پہلے بھی آتی رہی ہیں، لیکن یہ لڑائی طلاق کی شکل اختیار کرجائے گی، یہ کسی نے نہیں سوچا تھا۔ اب دیکھیں، ان کے دو بچے کس ماحول میں آگے کی زندگی گزاریں گے۔

حال میں نجی ٹی وی سے ڈراما’’میرے ہمسفر‘‘ کام یاب ہوا۔ اس ڈرامے کے ہیرو فرحان سعید اور ہانیہ عامر کی جوڑی اتنی مقبول ہوئی کہ اس نے عروہ حسین اور فرحان سعید کی خوش گوار زندگی میں زہر گھو دیا۔ دونوں کے مابین طلاق کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں۔ تاہم معتبر ذرائع نے بتایا کہ چار ماہ قبل ان دونوں ک مابین طلاق ہو چکی ہے، لیکن دونوں نے فی الحال مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، کیوں کہ دونوں کی ایک فلم 11نومبر کو ’’ٹچ بٹن‘‘ کے نام سے ریلیز ہورہی ہے۔ اس فلم میں فرحان سعید، سونیا حُسین اور ایمان علی کے مدِ مقابل بہ طور ہیرو، جب کہ عروہ حسین بہ حیثیت پروڈیوسر فلم کا حصہ ہیں۔

ہم نے خُود دیکھا کہ اداکار اور گلوکار فرحان سعید اپنی اس فلم کی تعارفی تقریب میں اپنی شریک حیات عروہ سے دُور دُور نظر آرہے تھے۔ یاد رہے کہ فرحان سعید نے کئی سپرہٹ ڈراموں میں کام کیا ہے، انہیں اڈاری، بادشاہ بیگم، میں بہت پسند کیا گیا۔ دوسری جانب ان دنوں ہانیہ عامر اور فرحان سعید کے برائیڈل شوٹ میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ عروہ حسین اور ہانیہ عامر، فیصلہ فرحان سعید کو کرنا ہے۔ فرحان سعید اور عروہ حسین کی شادی 16دسمبر 2016 کو بادشاہی مسجد لاہور میں سادگی سے ہوئی تھی۔2021 سے ان کے مابین طلاق کی خبریں سامنے آنا شروع ہوئیں۔

اور اب ہم چھوٹی اسکرین کے بڑے اسٹار فیروز خان اور علیزے سلطان کی طلاق کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ فیروز خان کو جیو کے سپر ہٹ ڈرامے ’’خانی‘‘ اور ’’خدا اور محبت‘‘سے غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔معروف اداکارہ حمائمہ ملک کے چھوٹے بھائی، فیروز خان اور علیزے کی شادی 2018 میں ہوئی اور پھر 3ستمبر 2022 کو ان کی طلاق ہوگئی۔ اپنے طلاق کی اطلاع فیروز خان نے خُود سوشل میڈیا پر جاری کی۔ ان کے دو بچے ہیں، جن کے نام سلطان اور فاطمہ ہیں۔

علیزے سلطان کا کہنا ہے کہ ہماری 4برس کی شادی افراتفری کا شکار رہی، اس عرصے میں مسلسل جسمانی اور نفسیانی تشدد کے علاوہ اپنے شوہر کے ہاتھوں بلیک میل ، بے وفائی اور رسوائی بھی برداشت کرنا پڑی۔ بہت غور و فکر کے بعد میں اس افسوس ناک نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں پُوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی۔ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچوں کی پرورش اس گھٹن، غیر صحت مند اور پُرتشدد ماحول میں ہو۔ دوسری جانب بچوں کے لیے فیروز خان نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

فیروز خان کا کہنا ہے کہ میں علیزے کے ساتھ تعاون جاری رکھوں گا، کیوں کہ وہ میرے بچوں کی ماں ہیں‘‘۔ ہم امید کرتے ہیں کہ فن کاروں کی طلاقوں کا یہ سلسلہ ختم ہو جائے اور سب رشتوں کا احترام کریں۔ پاکستان کے طلاق یافتہ فن کاروں، سجل علی، اَحد رضا میر، ماہرہ خان، سائرہ یوسف، صنم سعید، آمنہ شیخ، مُحب مرزا، نازلی نصر،حمائمہ ملک، شمعون عباسی، جویریہ عباسی، محسن عباس حیدر، فاطمہ سہیل اور میکال ذوالفقار،کس طرح کی مشکل زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کچھ نے دوبارہ شادی رچالی ہے، کچھ اپنے بچوں کی دیکھ بال کررہے ہیں۔ بچوں کی خاطر ابھی تک شادی نہیں کی۔فن کاروں سے درخواست ہے کہ وہ اپنی ہنستی مسکراتی زندگی میں طلاق کا زہر نہ کھولیں۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ فن کار ہی اپنے ساتھی فن کاروں کا گھر تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔