قومی گیمز، آرمی سب سے آگے، 177 گولڈ میڈل جیت لیے، تمغوں کی مجموعی تعداد 356 ہوگئی

May 29, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز میں پاکستان آرمی کی پیش قدمی جاری ہے جس کے تمغوں کی تعداد تین سو سے زائد ہوگئی ہے۔ آرمی 177گولڈ کے ساتھ میڈلز کی دوڑ میں سب سے آگے ہے۔ واپڈا نے 90گولڈ کے ساتھ دوسری اور نیوی 28 گولڈ حاصل کر کے تیسری پوزیشن پر ہے۔ آرمی نے 177 گولڈ 117سلور اور52 کانسی کے ساتھ مجموعی طور پر346 میڈلز حاصل کرلیے ہیں۔ واپڈا90 گولڈ، 80 سلور اور 73کانسی کے ساتھ مجموعی طور پر243 میڈلز حاصل کر کے دوسرے جبکہ نیوی 28 گولڈ 31سلور47 کانسی کے ساتھ مجموعی طور پر 106میڈلز حاصل کرکے تیسری پوزیشن پر ہے۔ ہنزہ سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنیں ووشو میں گولڈ میڈل جیت گئیں۔ منیشا نے 70 کے جی میں اور ملیحہ نے 65 کے جی میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اتوار کو خواتین ویٹ لفٹنگ میں آرمی نے 4گولڈ کے ساتھ پہلی، واپڈا نے 2گولڈ کے ساتھ دوسری اور ایچ ای سی نے دوسلور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریسلنگ میں واپڈا نے 5گولڈ حاصل کر کے میدان مار لیا جبکہ پنجاب ایک گولڈ کے ساتھ دوسرے اور آرمی تین سلور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، تیر اندازی میں آرمی نے6گولڈ کے ساتھ فتح حاصل کرلی۔ واپڈا 2گولڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ۔ گالف میں پاکستان آرمی نے مردو خواتین کے ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ مردوں میں بھی پاکستان آرمی کے گالفرز چھائے رہے اور 867کے سکورکیساتھ گولڈ میڈل جیتا۔اسکواش کے مرد و خواتین کے انفرادی ایونٹ میں آرمی اور واپڈا نے دونوں فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔