٭وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں گورنر کے پی کے کی تبدیلی کے حوالہ سے کئی ’’چہ میگوئیاں‘‘ سننے میں آ رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی کا وسیع تجربہ رکھنے والے پرائم منسٹر کے ایک معاون خصوصی کا نام اس عہدہ کے لئے لیا جا رہا ہے ۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں آنے والے نتائج اور میئر پشاور کے عہدہ پر حکومتی پارٹی کی طرف سے ’’سفارشی نامزدگی ‘‘ نے صوبے کے ایک بڑے حکومتی عہدیدار کے بارے میں کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔
صوبے کے مذکورہ ’’کلیدی عہدہ‘‘ کے نئے امیدوار اسی صوبے میں نہ صرف سیاسی پس منظر رکھتے ہیں بلکہ ان کے خاندان کی ایک اعلیٰ شخصیت صوبے میں گزشتہ ادوار میں وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہ چکی ہے۔ وہ چیف سیکرٹری کے طور پر صوبے میں انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کر چکے ہیں۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معاملہ ’’حتمی مشاورت‘‘ کے مراحل طے کر رہا ہے؟
نیا سیکرٹری خارجہ کون ؟
٭وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سفارتی حلقوں میں نئے سیکرٹری خارجہ کے عہدہ کو حاصل کرنے کے لئے کئی سینئر سفارتکار ’’تگ ودو‘‘ کر رہے ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ عہدہ کی دوڑ میں شامل چار ایسے اعلیٰ افسران کا نام لیا جا رہا ہے جو دنیا کے بڑے ممالک میں سفارت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکرٹری خارجہ کے تین سال کی مدت مکمل ہونے کی وجہ سے اس عہدہ کے لئے نئے امیدواروں کے ’’اشتیاق‘‘ کو فروغ ملا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے دو سپیشل سیکرٹری اور چین میں پاکستان کے سفیر اس دوڑ میں آگے محسوس کئے جا رہے ہیں۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ کئی بڑے ممالک میں تعینات سفارتکاروں کو ان کے تجربے اور مہارت کی بنیاد پر دوسرے ممالک میں بھجوایا جا رہا ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور مقتدر حلقوں کی حتمی منظوری کے بغیر وزیر خارجہ کوئی بھی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں؟
اعلیٰ بیوروکریٹ کی سرگرمیاں؟
٭صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں سی ایم سیکرٹریٹ کے ’’کلیدی عہدہ‘‘ پر تعینات اعلیٰ بیوروکریٹ کے بارے میں کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ بھی سابق پرنسپل سیکرٹری کی طرح اپنے عہدے کی گرفت کو مضبوط بنانے کے لئے کئی فارمولے استعمال کر رہے ہیں۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ ابتداء میں صوبے کی افسر شاہی کو براہ راست اپنی اہمیت کا احساس دلایا گیا لیکن بعدازاں چیف سیکرٹری کے مضبوط کوآرڈی نیشن نے صورتحال کو تبدیل کر دیا اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ کلیدی عہدہ پر تعیناتی ایک ’’ فیملی فرینڈ‘‘ سیاست دان کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہے؟