کراچی (اسٹاف رپوٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماءسابق وزیر اعلی وسابق وزیر دفاع سید غوث علی شاہ نے سانحہ مری پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نا تلافی نقصان ہے جس کا ازالہ نہیں ہوسکے گا سوگوار خاندانوں کے دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں پی ٹی آئی انکے ساتھ ہے ،متاثرہ خاندانوں کو تنہاءنہیں چھوڑیں گے ، اپوزیشن جماعتیں دکھ کی اس گھڑی میں سیاست نہ چمکائیں اور لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کے بجائے مرھم رکھیں، پی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری سید وقار مہدی نے سانحہ مری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر آج ہر پاکستانی کا دل رنجیدہ اور غمگین ہے، المناک سانحے کی ذمےدار حکومتِ وقت ہے،اتنا بڑا سانحہ رونما ہوگیا لیکن پی ٹی آئی کے وزراء سیاحوں کو مورود الزام ٹھہرا رہے ہیں، امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے مری میں برف باری کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ناکافی اقدامات سے انسانی جانوں کا نقصان حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،سماجی رہنما و ماہر تعلیم حنید لاکھانی نے مری میں ہونیوالے واقعے میں پاک فوج کی ہنگامی بنیادوں پر امدادی کاروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید برفباری کے باوجود پاک فوج اپنی قوم کی خدمت کے لیئے پہنچی اوربرف میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالا،معروف عالم اور خطیب علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ سانحہ مری انتہائی افسوسناک ،ہلاکتوں پر پوری قوم افسردہ ہے ،حکومت نے بروقت اقدامات نہ کرکے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔