راولپنڈی ،مری(خبرایجنسیاں)مری جانے والے راستے پر تاحال ہزاروں گاڑیاں پارک، سیاح واپسی کیلئے گاڑیاں نہ ملنے پر غصے سے پھٹ پڑے،مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئیں، ادھر آئی ایس پی آر کا کہناہےکہ تمام مرکزی شاہراہیں کھول دیں۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق مری میں برفانی طوفان کے باعث پھنسے بہت سے افراد اب تک گھروں کیلئے روانہ نہ ہوسکے ،برفانی طوفان تھما تو غصے سے بھرے عوام پھٹ پڑے اور کہا کہ ہمیں بتایا جارہا ہے کہ راستے کلیئر ہوگئے تاہم یہاں تو کچھ بھی واضح نہیں ہے،واپسی کے لیے گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، گاڑیاں ملیں گی تو واپس روانہ ہوں گے۔دوسری جانب فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ مری میں تمام بڑے مواصلاتی ذرائع ہر قسم کی نقل و حرکت کے لیے کھول دیئے گئے ہیں، کلڈنہ باڑیاں روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے مری کی صورتحال پر جاری کی گئی تازہ ترین اپ ڈیٹس کے مطابق مین شاہراہوں کو کھولنے کے بعد آرمی کے انجینئرز اب لنک روڈز پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔