اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس کی ہدایت پر مری سے واپس آنے والے سیاحوں کے محفوظ انخلاء اور انہیں منزل تک پہنچانے کے لئے اسلام آباد پولیس نے آپریشن شروع کیا اور اسلام آباد پولیس کی گاڑیوں پر مشتمل شٹل سروس شروع کی، اس آپریشن میں اسلام آباد پولیس کے 1500 سے زائد افسران و جوانوں نے بھرپور حصہ لیا اور آئی جی اس آپریشن کو خود مانیٹر کرتے رہے، آپریشن میں سیاحوں کو پولیس کی گاڑیوں میں فیض آباد سمیت دیگر مقامات تک پہنچایا گیا۔ اس دوران پولیس کے سینئر افسران پولیس بھاری نفری کے ہمراہ سترہ میل ٹول پلازہ پر موجود رہے، اسلام آباد پولیس نے ہزاروں سیاحوں جن میں عورتیں، بچے، بزرگ بھی شامل تھے کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، آئی جی نے ہدایات دی تھیں کہ آخری سیاح کے انخلاء تک یہ آپریشن جاری رہے گا اور اس سلسلہ میں اسلام آباد پولیس اپنے شہریوں کی مدد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے گی۔