وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں اسٹیٹ بنک کے گورنر کی بین الاقوامی معیار کی ’’بھاری بھر کم تنخواہ‘‘ اور مراعات کے حوالہ سے کئی چہ میگوئیاں سننے میں آ رہی ہیں۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ مذکورہ اعلیٰ عہدیدار کو جب بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ’’خصوصی نمائندے‘‘ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا تو اس وقت یہ بات شدت سے محسوس کی گئی تھی کہ آئی ایم ایف کے براہِ راست کنٹرول کے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔
ایک وفاقی وزیر خزانہ کی فراغت کے بعد دوسرے وفاقی وزیر کو واضح پیغام دے دیا گیا کہ وہ مذکورہ نامزد اعلیٰ عہدیدار کی مشاورت کے پابند ہونگے۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ تنخواہ کے ساتھ ان کی مرضی کی مراعات کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی آشیرباد سے یہ ’’خصوصی پیکج‘‘ دیا جا رہا ہے ؟
وفاقی وزراء کا ٹرائیکا؟
وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں وفاقی وزراء کا ایک ’’ٹرائیکا‘‘ حکومت کی وفاداری میں حیرت انگیز کرتب دکھا رہا ہے یار لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹرائیکا میں شامل تینوں وفاقی وزراء کا آپس میں ’’مضبوط کوآرڈی نیشن ‘‘ محسوس کیا جا رہا ہے ۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ کابینہ میں ان تینوں کو نہ صرف فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے بلکہ ان کو ’’کچن کیبنٹ‘‘ کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے ۔
انڈسٹری سے وابستہ بڑے صنعتکار اور معیشت کے میدان میں مہارت رکھنے والے ایک بڑے گروہ نے جب ایک وفاقی مشیر کے ذریعے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تو مذکورہ ’’ٹرائیکا‘‘ نے مشترکہ منصوبہ بندی کا مظاہرہ کیا۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ ’’اینٹی کلاک‘‘ پالیسیوں کا مضبوطی سے دفاع کر رہے ہیں ؟
آئی جی کو طاقتور بنانے کا فیصلہ؟
صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں آئی جی پنجاب کے عہدہ کو طاقتور اور مزید بااختیار بنانے کے حوالہ سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ صوبائی سروس کے ایس پی عہدہ کے افسران کی سزائوں کے بارے میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی مداخلت ختم کرنے کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ سی پی او میں اعلیٰ پولیس افسران میں یہ بات شدت سے محسوس کی جا رہی تھی کہ صوبے کے رینکر ایس پی عہدہ کے افسران کی معطلی، تنزلی اور برخاستگی کا اختیار ایک عرصہ سے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سنبھال رکھا ہے جبکہ محکمہ پولیس کے صوبائی سیکرٹری ہونے کی وجہ سے آئی جی پولیس کو ہی اس معاملہ میں ’’بااختیار ‘‘ ہونے کا حق حاصل ہے اعلیٰ پولیس افسران کی ایک کمیٹی اس سلسلہ میں اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے ۔اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹو سروس کے اعلیٰ افسران بھی اس معاملہ میں اپنی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ؟