اسلام آباد (بلال عباسی، خصوصی رپورٹ) سیاحتی مقام مری کو ڈیجیٹل وسائل سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مری کو ڈیجٹلائز کرنے، سیاحوں کی سہولیات کیلئے ورلڈبینک حکام نے پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور سے ملاقات کی۔ حکومتی سیاحتی کمیٹی کی جانب سےحسان خاور نے اپنی سفارشات پیش کیں، کمیٹی نے ورلڈبینک کے پراجیکٹ کے تحت مری ڈیجیٹلائزیشن پر فوری اقدامات کی سفارش کی ۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سفارش کی کہ مری ماسٹر پلان 2012کےاہم نکات پر عملدرآمد کیا جائے جس پر پنجاب حکومت نے مری ایپ لانچ کرنےکا فیصلہ کیا ہے، ایپ کے ذریعے شہری سفر سے پہلےٹریول ایڈوائزری حاصل کرسکیں گے۔ ملاقات میں ورلڈبینک نے مری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئےحکومتی ترجیحات کی حمایت کی۔