• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایپکس کمیٹی کا اجلاس، افغانستان کیلئے دوست ممالک سے امداد کے امکانات پر غور

اسلام آباد(خبرایجنسیاں) ایپکس کمیٹی اجلاس، افغانستان کیلئے دوست ممالک سے امدادکے امکانات پر غور،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کسی انسانی المیہ سے بچنے کیلئے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے،دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل باجوہ کی ملاقات،پیشہ وارانہ امور اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ جمعہ کووزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امداد کیلئے اقوام متحدہ کی اپیل کا خیرمقدم کیا۔ ایپکس کمیٹی نے افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا،ایپکس کمیٹی نے اقتصادی طور پر تباہ حال افغانستان میں انسانی جانوں کو بچانے اور مشکل کی اس گھڑی میں افغانوں کی مدد کیلئے عالمی برادری اور امدادی اداروں سے ایک بار پھر مدد کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ افغانستان میں انسانی المیہ سے بچائو کیلئے دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی راہیں تلاش کریں تاکہ افغانستان میں طب، آئی ٹی فنانس اور اکائونٹنگ کے شعبوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت بھجوائی جا سکے۔انہوں نے افغانستان کی بحالی اور ترقی میں مدد کیلئے ریلویز، معدنیات، ادویہ سازی اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کی بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں ایپکس کمیٹی کو افغانستان کیلئے 5 ارب روپے کی امداد پر پیشرفت کے حوالہ سے آگاہ کیا گیا جس میں 50 ہزار میٹرک ٹن گندم سمیت غذائی اجناس، ہنگامی طبی سامان، سردی سے بچائو کیلئے پناہ گاہیں اور دیگر سامان شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید