راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز کی ہدایات کی روشنی میں مری میں پہلے مرحلے پر 15مارچ تک ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی لگادی گئی ہےجس کے بعد بدھ کو اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری کی قیادت میں میونسپل آفیسر پلاننگ رضا الہی اوردیگر نے تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔نیو مری اور دیگر علاقوں میں پانچ جاری تعمیرات کو سربمہر جبکہ کئی جگہوں پر ہورڈنگز اور دیگر رکاوٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ادھر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق کی ہدایت پر مری میں برف باری کے نئے سلسلے کے آغاز پر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری سمیت تمام انتظامی افسران نے مال روڈ،گلڈنہ،باڑیاں،جی پی او چوک میں برفباری کے دوران موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ راستوں کو کھلا رکھنے کیلئے نمک چھڑکائو اور برف ہٹانے والی مشینری کو بھی حساس مقامات پر پہنچادیا گیا ۔