اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں ،ایک تعلیم یافتہ ماں اگلی نسل کی بہترین تربیت کی ضامن ہے ۔راولپنڈی میں طالبات کی تین یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ ساٹھ تعلیمی ادارے مکمل کرلیے گئے ہیں جو ایک اعزاز ہے ، راولپنڈی کا یہ اعزاز بھی ہے کہ ان تعلیمی داروں سے تعلیم یافتہ ایک رکشا ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس کے امتحان میں ٹاپ کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پیر کو زیر تعمیر گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈھوک دلال کے ہنگامی دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ڈھوک دلال ڈگری کالج کیلئے چار کنال اراضی متروکہ وقف املاک نے دی تھی جبکہ کالج کی تعمیر کیلئے100ملین روپے کی رقم پنجاب حکومت نے پہلے ہی جاری کردی ہے جبکہ 88ملین روپے کی ڈمانڈ مزید بھجوائی گئی ہے ،ڈھوک دلال ڈگری کالج کا باقاعدہ افتتاح چار مارچ کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کریں گے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کالج کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ قوم کی بچیوں کی تعلیم وتربیت ایک اہم ذمہ داری ہے ۔ شیخ رشیداحمدنے کہا کہ ایک پڑھی لکھی خاتون ایک نسل کو تہذیب یافتہ بنانے کی ضامن ہے ،خواتین کی تعلیم کا فروغ ہمیشہ سے مطمع نظر رہاہے، تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی دوڑ میں منزل مقصود پاتی ہیں ، راولپنڈی میں بچیوں کے 60 تعلیمی ادارے بنائے، غریبوں کی تمام بستیوں میں سرکاری سکولوں و کالجوں کواپ گریڈ کیا جارہاہے، بیٹی پڑھی لکھی ہوگی تو شہر میں کوئی منشیات فروش یا قبضہ مافیا سر نہیں اٹھاسکے گا۔ جب میں نے سیاست میں قدم رکھا تو خواتین کی تعلیم کے حوالے سے راولپنڈی 37ویں نمبر پر تھا اور آج راولپنڈی بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں موجود جتنی بھی غریبوں کی بستیاں ہیں وہاں بچیوں کے سرکاری سکولوں اورکالجوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ایک بڑی تبدیلیآرہی ہے اور لڑکیاں آگے نکل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے رکشا ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس کے امتحان میں ٹاپ کرکے ملک وقوم کا سرفخر سے بلند کردیاہے۔جس شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہوگی اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی اور نہ ہی وہاں کوئی منشیات فروش، جواری یا قبضہ مافیا سر اٹھاسکتا ہے۔آئی ٹی یونیورسٹی کے بعد تین یونیورسٹیاں مکمل ہوجائیں گی۔انہوں نے کہاکہ آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے خواتین کالجوں میں دوشفٹوں میں تعلیم دی جائے گی ۔