راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کےجسٹس چوہدری عبدالعزیز نےسانحہ مری کے حوالے سے دائر رٹ پٹیشنز کی سماعت 24فروری تک ملتوی کردی۔عدالت عالیہ نے سیکرٹری ٹورازم کو بھی حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔سماعت کےموقع پر سیکرٹری ٹورازم اسد اللہ فیض،اسسٹنٹ کمشنر مری وقاض صفدر سکندری ،ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے امتیازکچھی اور دیگر بھی موجود تھے۔کمشنر راولپنڈی پیش نہیں ہوئے۔عدم موجودگی پر عدالت عالیہ نے استفسار بھی کیا۔مری بار ایسوسی ایشن،مری ہوٹل ایسوسی ایشن،رضوان الہی،فراز احمد اور صفیان عباسی، عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ نے سانحہ مری کے بعد رٹ پٹیشنز دائر کی ہوئی ہیں ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مجیب الرحمان کیانی نے پیش ہوکر عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ مری کیسسز جیسا ایک کیس جسٹس جواد حسن کے پاس بھی زیر سماعت ہے۔دونوں کی نوعیت ملتی جلتی ہے ان کیسز کو ایک جگہ یکجا کردیا جائےجس پر عدالت عالیہ نےفیصلہ کیلئے سماعت پرسوں تک ملتوی کردی۔