زینب فاطمہ
ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی جلد جھریوں سے پاک، صاف ،شفاف اور شاداب ہو۔ لیکن دھوپ کی تمازت ،آلودگی، اسٹریس ،متوازن غذا نہ کھانا، نیند کی کمی غیر معیاری پروڈکٹ اور اس طرح کی دیگر وجوہات کی بنا پر جلد اپنی شادابی کھو دیتی ہے۔ جہاں ان سب باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے وہیں جلد کی حفاظت کے لئے اس کی صفائی بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔اسی لیے کلینزنگ بہت ضروری ہے ۔ اور اس کے بعد ٹونر کااستعمال بھی لازمی کرناچاہیے۔
اس سے جلد کی حفاظت ہوتی ہے لیکن اس سے پہلے یہ لازمی دیکھ لیں کہ آپ کی جلد کس قسم کی ہے ۔ ٹونر کلینزنگ کے بعد جلد کی پی ایچ کو توازن میں لانے میں مدد کرتا ہے اور دوبارہ اسے اپنی بہترین سطح پر لاتا ہے۔ صحت مند جلد کے لئے ضروری ہے کہ اس کی پی ایچ کی سطح پانچ سے کم ہو۔ اگر جلد پر ایکنی ہو یا ٹھیک طرح سے صفائی نہ کی جائے تو جلد کی پی ایچ سطح بڑھ جاتی ہے۔
ٹونر اس کے علاوہ بھی کئی طرح سے جلد کی حفاظت میں معاونت کرتا ہے۔جیساکہ جلد کی گرد اور میک اپ اور چکنائی صاف کر نے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اسے سیکنڈ کلینزنگ بھی کہا جا تا ہے۔ یہ جلد کونمی فراہم کرتا ہے اسے براہ راست جلد پر لگائیں۔ اسے ہمیشہ موئسچرائزر سے پہلے استعمال کرنا چاہیے، تاکہ جلد کی نمی برقرار رہے۔
جلد کو ہموار بنانے کے لئے کاٹن پیڈ کو ٹونر میں ڈپو کر جلد پر لگائیں۔ یہ جلد پر سے مردہ خلیات کو صاف کر کے جلد ہموار کر تا ہے۔ اس میں کئی طرح کے وٹامنز اور جلد کو صحت مند رکھنے والے اجزاء پائے جاتے ہیں، جس سے جلد کو اینٹی آکسیڈینٹ اور منرلز ملتے ہیں جو جلد کی قدرتی شادابی کو برقرار رکھتے ہیں۔
پی ایچ کو توازن میں رکھنے والا ٹونر لگانے سے جلد میں جلد کی حفاظت کرنے والے اجزاء کو بہتر طریقے سے جذب کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔ بازار میں موجود غیر معیاری اور کیمیکل سے بھرپور ٹونر کے بجائے اپنی جلد کو دیکھتے ہوئے اسی کے مطابق گھر میں ٹونر تیار کریں اور نتائج سے حیران ہو جائیں ،اس ہفتے ہم آپ کو گھر میں ٹونر بنانے کے بارے میں بتا رہے ہیں۔
……چکنی اور ایکنی والی جلد ……
تین چوتھائی کپ سبز چائے اور ایک چوتھائی کپ سیب کا سرکہ لے کر دونوں کوملا لیں ،پھر اسے کاٹن پیڈ یا اسپرے سے جلد پر لگائیں۔ اسے کسی بوتل میں بھر کر فریج میں رکھا جاسکتا ہے لیکن دس دن سے پہلے اسے استعمال کرنا ضروری ہے۔
……حساس جلد ……
آدھا کپ خشک گلاب کی پتیوں کو ایک کپ گرم پانی میں ایک سے دو گھنٹے کے لئے رکھ دیں، پھر اسے چھان لیں، اسے دن میں دو بار استعمال کریں۔ اس ٹونر کو فریج میں سات سے دس دن کے لئے رکھ سکتی ہیں۔
……خشک جلد کے لئے……
ایک کپ پانی میں پودینے کی چند پتیاں ڈال کر دس سے بیس منٹ تک اُبالیں۔ٹھنڈا ہونے پر اس میں ایک کھانے کا چمچہ شہد شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔ اور اسے دن میں ایک مرتبہ استعمال کریں۔
……ہر طرح کی جلد کے لئے……
ایک کپ پانی میں کھانے کے دو سے چار چمچے سیب کا سرکہ اور ایک چائے کا چمچہ شہد شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اسے دن میں ایک سے دو بار استعمال کریں۔