عائشہ احمد
گھر کوخاتون خانہ کی گرہستی کا نمونہ سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اگر گھر کی حالت ابتر ہوگی تو اس کا ذمہ دار بھی خاتون خانہ ہی کو ٹھہرایا جائے گا اور صاف ستھرا سلیقے سے سجا ہوا گھر مکینوں کی خوش ذوقی کا ثبوت سمجھا جاتا ہے اور سلیقے کی داد بھی خاتون کو ہی دی جاتی ہے لیکن عموماً ایسا بھی ہوتا ہے کہ گھر کی صفائی ستھرائی تو نہایت دل جمعی سے کی جاتی ہے لیکن گھر کے کچھ حصوں کو غیر اہم سمجھ کر انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا پھر خاص مواقع ہی پر گھر کے ان گوشوں کی صفائی کی جاتی ہے ،جیسےا سٹور،گھر کا لان اور بالکونی وغیرہ۔لیکن گھر کے یہ حصے بھی اسی طرح صفائی کے متقاضی ہیں ،جس طرح گھر کے دیگر کمرے،ڈرائنگ روم اور لاؤنج ۔
لان ہمارے گھر کا وہ حصہ ہے جہاں بیرونی گیٹ سے داخل ہونے کے لئے سب سے پہلے نظر پڑتی ہے ۔دھول ،مٹی اور کچرے سے اٹا ہوا لان گھر کی مجموعی خوبصورتی کو مکمل طور پر زائل کر دیتا ہے۔ اس لئے گھر کے خوبصورت تاثر کو قائم رکھنے کے لئے لازمی ہے کہ لان کی ستھرائی پر بھی خاص توجہ دی جائے۔ اگر آپ چاہیں تو معمولی وقت صرف کر کے خود بھی لان کو سر سبز بنا سکتی ہیں ،بس اس کے لئے تھوڑی دیر توجہ، محنت اور شوق کا ہونا لازمی ہے۔لان گھر کا سب سے اہم حصہ تصور کیا جا تا ہے ۔
جو نہ صرف گھر کی بیرونی زیبائش میں اہم کر دار ادا کرتا ہے بلکہ مختلف اقسام کے پھول پودوں کے ذریعے آپ اپنے باغبانی کے شوق کو بھی پورا کرسکتی ہیں ۔آپ خود دیکھیں گی کہ آپ کے گھر کا لان کس طرح ایک دلکش سر سبز گوشہ لگنے لگے گا۔ سب سے پہلے لان کی غیر ضروری بڑی گھاس کو باقاعدگی سے کٹوائیں ،خشک پتوں کو جمع نہ ہونے دیں ،روزانہ لان میں جھاڑو کی مدد سے صفائی کریں ،گھر کا غیر ضروری سامان لان میں نہ رکھیں ۔لان کی آرائش کے لیے آپ مختلف رنگوں کے گملے ،موسمی پھول ،رنگ برنگے پودے ،سجی ہوئی کیاریاں اور میز کرسیاں بھی رکھی جاسکتی ہیں ۔یہ ساری چیزیں لان کی خوب صورت میں مزید اضافہ کردیں گی ۔
اگر آپ لان کے وسط میں لکڑی کی میز اور کرسیاں رکھنا چاہتی ہیں تو ان پر نیلے ،سبز یا پیلے رنگ کا پینٹ کروا سکتی ہیں۔ اگر لان کی دیوار کے ساتھ یہ میز کرسیاں رکھنا چاہیں تو دیوار پر متضاد رنگوں کی کوئی خوبصورت تصویر لگالیں ۔یہ پینٹنگ لان کی خوبصورتی کو دوبالا کر دے گی اور دیکھنے میں بھی خوب صورت لگے گا۔ اس کے علاوہ لان کے کسی بھی حصے کواور طرح سے سجا یا جا سکتا ہے۔ معمولی اشیاء کو نئے انداز سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
لان میں رکھے خوشبو دار پھول آپ کے گھر کو معطر رکھے گی ۔آپ ان گملوں پر مختلف رنگوں سے پینٹ بھی کرسکتی ہیں۔ بعض گھروں میں لان کا رقبہ کچھ زیادہ ہوتا ہے، اس صورت حال میں ہر جانب پھول پودے کی کیاریاں لگانا بھی مناسب نہیں لگتا۔ لیکن آپ لان کے ایک حصے میں موسم کی مناسبت سے مختلف سبزیاں ضرور اُگا سکتی ہیں۔
موسمی سبزیاں اور پھلوں کے درخت آپ کے لان کی انفرادیت میں اضافے کا باعث بنیں گے اور گھر بیٹھے تازہ سبزیوں کا لطف اُٹھایا جا سکتا ہے ۔لیموں ،ہری مرچیں ،ٹماٹر،دھنیا، پودینا جیسی اشیاء اگر بروقت گھرپر ہی دستیاب ہوں تو کیا ہی بات ہے۔مٹی کے گملوں سے بھی آپ لان کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ مثلاً آئل کلرز، سلور پیپر اور مختلف رنگوں کے کاغذ کے ٹکڑے عام گملوں کو منفرد بنا سکتے ہیں۔ معمولی سی توجہ اور سلیقہ سادہ سے لان کو ایک پر سکون فطری گوشے میں تبدیل کر سکتا ہے۔گملوں میں پودے لگانے میں کچھ احتیاطی تدابیر کو بھی مد نظر رکھیں ۔مثلاً گملوں کے پیندے میں سوراخ ہونا لازم ہے تاکہ پانی گملے میں جمع نہ رہے اور ہوا بھی ملتی رہے ۔گملوں میں مٹی اس طرح ڈالیں کہ گملے میں پہلے چھوٹے پتھر رکھیں اور پھر مٹی ڈالیں۔
جب خوبصورت خوش رنگ پھولوں کے گملے لان کے اطراف میں ہر جگہ نظر آئیں گے تو اس سے تنوع کا ماحول پیدا ہو گا۔اگر لان چھوٹا ہے تو بھی نت نئے پودے لگانا کوئی مشکل کام نہیں ،بات صرف شوق کی ہے ۔پھول پودوں،سبزی کے بغیر گھر کا لان اداس اور بے رنگ دکھائی دیتا ہے ،جس سے گھر کے بیرونی در و دیوار کی خوبصورتی بھی دھندلا سی جاتی ہے ۔آپ یہ کام کرکے اپنے لان کو دل کش اور حسین بنا سکتی ہیں ۔اس کو دیکھ کر کوئی بھی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔