• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہم علی

اکثر وبیشتر چکنی جلد کی حامل خواتین اس پریشانی میں مبتلا رہتی ہیں کہ ایسا کیا کریں، جس سے چہرے پر موجود چکنائی ختم یاکم ہوجائے اور اگر کہیں جانا ہو تو یہ سوچ کر میک اپ نہیں کرتیں کہ چکنی جلدکی وجہ سے تھوڑی دیر میں میک اپ خراب ہوجائے گا۔ چہر ے پر چکناہٹ آنے کی وجہ سے فاؤنڈیشن پگھل جاتا ہے اور میک اپ بہہ جاتا ہے۔ اسی بناء پر چکنی جلد پر کچھ بھی لگانے سے خواتین ڈرتی ہیں ۔ 

اس جلد کے نقصانات کے علاوہ کچھ فوائد بھی ہیں۔ مثال کے طور پر عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں۔ حالاں کہ خشک جلد کی حامل خواتین کے چہرے پر جھریاں واضح طور پر نمایاں ہوتی ہیں۔ اس ہفتے آپ کو چکنی جلد کی حفاظت کے لیے چند نسخے بتا رہے ہیں۔ ان پر عمل کر کے دیکھیں، فرق صاف نظر آئے گا۔

……لیموں کا رس……

اس میں وٹامن سی ہوتا ہے جو جلد کو صحت مند اور متوازن رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے، نیز اس میں انٹی سیپٹیک خصوصیات بھی ہوتی ہیں ،جو جلد پر لگے تمام بیکٹیریا کو ختم کرتی ہیں۔ لیموں کے رس کو ایک چائے کا چمچہ شہد میں ملا کرچہرے پر 15 منٹ لگائیں، پھر سادہ یا ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ یہ کافی حد تک آپ کے چہرے کی چکنائی کم کردے گا۔

……ٹماٹر ……

اس میں ایسی خصوصیت پائی جاتی ہے جو جلد پر موجود چکنائی کو جذب کرکے چہرے کو چمکدار اور روشن بناتا ہے۔ یاد رکھیں کہ میک اپ کرنے سے پہلے جلد کو کسی معیاری صابن یا فیس واش سے دھوئیں ،بعدازاں ٹماٹر کا ایک ٹکڑا لے کر مساج کریں۔ نیز چہرے کے جس حصے پر چکنائی زیادہ ہو، وہاں 10 سے 15 منٹ تک مساج کریں اور پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔

……ٹونر ……

اگر آپ چاہتی ہیں کہ میک اپ خراب بھی نہ ہو اور بیس بھی اچھی بنے تو اس کے لیے آپ چکنائی کو کم کرنے والا ٹونر چہرے پر لگائیں۔ اس کو اسفنج پر تھوڑی سی مقدار میں لے کر پورے چہرے پر اچھی طرح لگائیں۔ یہ آپ کے میک اپ اور چہرے کو تروتازہ رکھے گا۔

…… موئسچرائزر……

گرمی زیادہ ہوتو دھوپ کی تپش سے جلد پر چکنائی زیادہ ہوجاتی ہے۔ اس کو کم کرنے کے لیے ٹونر لگا نے کے بعد موسچرائزر بھی لازمی لگائیں۔ ایسے موئسچرائزر کا انتخاب کریں، جس میں سن اسکرین شامل ہو۔ اس کے بعد آپ بغیر کسی پریشانی کے اپنی مرضی کے مطابق میک اپ کر سکتی ہیں۔ اس کا استعمال آپ کے چہرے کو جاذب نظر بنا دے گا۔