• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور دہشتگردی کیخلاف اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں مظاہرے

اسلام آباد،راولپنڈی،کراچی(خصوصی نامہ نگار،خصوصی نمائندہ،اسٹاف رپورٹر) پشاور مسجد میں دہشتگردی کیخلاف اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں مظاہرےکئے گئے، پارلیمنٹ کے سامنے جناح ایونیو پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے پشاور دہشتگردی کی پرزورمذمت کی اور اسے اسلام و پاکستان پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی تازہ لہر میں بھارت ملوث ہے، سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالنا ہوگا، ملک میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں۔ ادھرقائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پشاور خود کش حملے کیخلاف تین دن سوگ اور اتوار کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے نمازیوں پر حملہ بزدلی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ سانحہ پشاور کی غیر جانبدارانہ و شفاف تحقیقات کرکے مجرموں کو کیفر کر دار تک پہنچایا جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام پشاور دہشت گردی کے خلاف چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، اس موقع پرمظاہرین نے واقعہ کی مذمت کی، مجلس وحدت مسلمین نے اتوار کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کیا ہے، کراچی میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے محفل شاہ خراسان نمائش چورنگی تا گورنر ہائوس احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنما بشمول علامہ مختار امامی، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ صادق جعفری، آئی ایس کراچی کے صدر دباج رضا، مرکزی تنظیم عزاداری کے صدر ایس ایم نقی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور سمیت کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ اس المناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کا غیرمعمولی ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ سیکورٹی اداروں کو مزید چوکنا ہونا ہوگا تاکہ درندہ صفت عناصر کو کسی شرپسندی کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ پولیس نے ریلی کو گورنر ہائوس جانے سے روکنے کے لئے گورنرہائوس ،فوارہ چوک آرٹس کونسل چوک اور ملحق مر کزی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کر دئیے جس کے باعث شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ۔ علاوہ ازیں تحریک نفاذفقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹل کونسل کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد تا چائنا چوک علامہ بشارت حسین امامی، علامہ سیدزاہدعباس کاظمی، علامہ محسن علی ہمدانی، مولانا فصاحت نقوی، عمار یاسر علوی، سید مصباح الحسن ایڈووکیٹ کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ علامہ بشارت حسین امامی نےبم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس مذموم کارروائی کو بھارت کی کارستانی قراردیا اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کیخلاف فوری سرچ آپریشن اور عبادت گاہوں میں موثر سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے۔ پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مظاہرےسے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ اس المناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا۔انہوں نے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

ملک بھر سے سے مزید