کراچی، اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں،نمائندہ جنگ) تحریک عدم اعتماد کیلئے جوڑ توڑجاری ہے،گزشتہ روز اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سابق صدر آصف زرداری کے گھر پہنچ گئے جبکہ لاہور میں ترین گروپ نےاسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے تمام ارکان قومی اسمبلی کو (آج) جمعرات کو ظہرانے پر مدعو کرلیا۔جبکہ ایم کیو ایم رہنمائوں کی بھی اسلام آباد میں آصف زرداری سے اہم ملاقات طے ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کیلئے اسلام آباد میں زرداری ہاؤس پہنچ گئے، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی ہمراہ تھے، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی۔شجاعت نے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو اسلام آباد بلا لیاہے ،پرویز الٰہی نے بھی وفاقی دارالحکومت پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء ترین گروپ نے عثمان بزدار کو ہٹانے کیلئے ق لیگ سے تعاون مانگ لیا ۔ ترین گروپ نے لاہور میں ااسپیکرپنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویزالٰہی سےملاقات کی۔اعلامیےکے مطابق ملاقات میں نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عون چوہدری، طاہر رندھاوا، عبد الحئی دستی اور عمران شاہ شریک ہوئے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اورپنجاب کے معاملات پرگفتگو کی گئی، اسکے علاوہ پرویز الٰہی نےجہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔