• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ لائسنس کیلئے وکلاء انٹرویو راولپنڈی میں ہونگے،جسٹس شہزاد احمد

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے وفد نے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت سے ملاقاتیں کیں۔ ہائی کورٹ بار کے صدر طلعت محمود زیدی اور جنرل سیکرٹری ملک خرم شہزاد کی قیادت میں ملاقات کرنے والوں میں سینئر نائب صدرملک مبشر نذر،نائب صدر نبیلہ رباب، ایڈیشنل ویمن سیکرٹری حنا نعمان ، جوائنٹ سیکرٹری ارسلان بنیامین،لائبریری سیکرٹری راجہ بابر رزاق ، ممبران مجلس عاملہ میاں حبیب الرحمان ،نین تارا، مصباح کیانی،عاصمہ ڈار اور یاسر عباسی بھی شامل تھے۔جسٹس ملک شہزاد احمد خان نےوفد کو بتایا کہ آئندہ سپریم کورٹ کے لائسنس کیلئے وکلاء کے انٹرویو راولپنڈی بنچ میں ہی ہوا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ لائسنس کیلئے فائل جمع کرانے کیلئے بھی راولپنڈی بنچ میں ونڈو بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔وفد کے مطالبے پر بتایا گیا کہ میانوالی ضلع کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے دائراختیار میں لانے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر قانون نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ہائی کورٹ بار کے توسط سے تمام تحصیل و ڈسٹرکٹ بارز کیلئے فنڈز کا اجرا کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ بار وفد نے وکلاء چیمبرز کی تعمیر کی طرف توجہ دلائی جس پر وزیرقانون نےکہا کہ چیمبرز کی تعمیرات میں بھی مدد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہدائے وکلاء ہسپتال کی تعمیر کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔ہسپتال کا کنٹرول حکومت پنجاب کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔حکومت ہسپتال کیلئے فنڈز جاری کرے گی۔
اسلام آباد سے مزید