راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)مری میں سیاحوں کی سہولت کیلئے سماجی ڈھانچے کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کرلی گئی ۔اس سلسلے میں سیکرٹری ٹورازم اسد اللہ فیض کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق، نئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مری حسن وقار چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری، پی آئی ٹی بی اور وزارت سیاحت پنجاب کے حکام شریک تھے۔باخبر ذرائع کے مطابق مری کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی سہولت کیلئے عوامی ٹوائلٹس کی تعمیر کی جائے گی جس کیلئے مری اانتظامیہ نے مختلف پوائنٹس کی نشاندہی کردی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مری میں وزارت سیاحت کا مستقل سیٹ اپ بھی قائم کیا جائے گا اور باقاعدہ افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔اجلاس میں ایس ایم ڈیز کے لئے خریداری کی اجازت دیدی گئی جس کیلئے فنڈز وزارت سیاحت پنجاب فراہم کرے گی۔مختلف پوائنٹس پر سکینرز بھی لگائے جائیں گے۔