کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام” آپس کی بات “ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے پی ٹی آئی ،عالمگیر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور ق لیگ کے تحفظات دور کریں گے،ن لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ کبھی کسی حکومت نے کرپشن میں اتنی ترقی نہیں کی جتنی عمران خان کے دور حکومت میں ہوئی،پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ دو تین دن کا کھیل رہ گیا ہے، ناراض رکن پی ٹی آئی، احمد حسین ڈیہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ مجھے دکھی ایم این اے کہیں تو بہتر ہوگا ، جس دن انہوں نے ن لیگ کے نو یا سات بندے شامل کئے اس دن مجھے بڑا دکھ ہوا کہ جن کو میں ہیرو سمجھتا تھا وہ اس طرح کررہے ہیں ۔میں نے دو سال پہلے جنوبی پنجاب کے مسئلے پر استعفیٰ دیا تھا۔ یہ جو کرپشن ہورہی تھی ملتان میں پھر اس کے اوپر میری شاہ محمود قریشی سے ٹسل ہوئی ۔ اس پر تین سال پہلے مجھے پارٹی نے شو کاز نوٹس دیا اس پر سماعت ہوئی اور مجھے کلیئر کیااس کے میرے پاس ثبوت موجود ہیں۔میرا ان کے ساتھ بڑا ٹف ماضی چل رہا ہے کیونکہ میں حق پر ہمیشہ اسٹینڈ لیتا ہوں اور اللہ کے سوا کسی سے ڈرتا نہیں ہوں ۔ رہنما ن لیگ،محمد زبیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جلسوں کی سڑکوں کی بات کررہے ہیں مگر پارلیمنٹ کی بات نہیں کررہے ہیں کیونکہ ان کے پاس نمبرز نہیں ہیں۔آپ نے تسلیم کیا ہے اس لئے 14 اراکین کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔کوشش کرنا ان کا حق ہے ناراض اراکین کو قائل کرنا اور اتحادیوں کو قائل کرنا ان کا حق ہے۔شہزاد اکبر آج کہاں ہے پوری ٹیم لے کر لندن جاتے تھے انہوں نے کیا نکال کر دے دیا۔کبھی کسی حکومت نے کرپشن میں اتنی ترقی نہیں کی جتنی عمران خان کے دور حکومت میں ہوئی ہے 116 سے140 پر پہنچا دیا۔ رہنما پیپلز پارٹی، سینیٹر پلوشہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب اس طرح کے بڑے کھیل میں ہاتھ ڈالا جاتا ہے توبازی میں صرف سر لگتا ہے ۔ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ تھا کہ یہ معاملے کو آخر میں عدالت میں لے کر جائیں گے۔اس وقت ان کے اتحادی بھی جس لہجے میں بات کررہے ہیں وہ بھی بڑا تشویشناک ہے ۔