راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی شہر کی خوبصورتی کیلئے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دیدی گئی ۔پہلے فیز میں کرال چوک تا کچہری چوک اور ڈیفنس چوک تا ٹی چوک بیوٹی فکیشن کا کام راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور سی ڈی اے مشترکہ طور پر کریں گے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق منصوبہ کے تحت سڑکوں کے دونوں جانب ایک جیسی دیواریں،سٹریٹ لائٹس اور گرین بیلٹ بنائے جائیں گے۔دوسرے فیز میں صدر تا موٹر وے چوک تک بیوٹی فیکیشن کا کام ہوگا۔ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت فوارہ چوک تا بھابڑا بازار روڈ کی نئی الائنمنٹ ہوگی۔نالہ کی ازسر نو تعمیر اور لائٹس بھی بدلیں گی۔مری روڈ لیاقت باغ تا فوارہ چوک ،سٹی صدر روڈ کی بھی ری الائنمنٹ کی جائے گی۔ان منصوبوں میں پی ایچ اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق راشد منہاس روڈ (کچہری چوک تا مریڑ چوک)الگ سے ماڈل روڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریلوے پل کے نیچے بارش کے پانی کے کھڑے ہونے کو ختم کرنے کیلئے نالہ کی ازسر نو تعمیر ہوگی۔روڈ پر تمام نئی ایل ای ڈی لائٹس لگائی جائیں گی۔گرین بیلٹ کو ڈویلپ کیا جائے گا۔منصوبہ میں فٹ پاتھ اور ڈرین کی تعمیربھی شامل ہے۔