• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمٰی صدیقی

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہونے والا ہے۔ دیگر تیاریوں کے ساتھ ساتھ سحری اور افطاری کے پکوان کی تیاری بھی کرنے ہو گی۔ ہم نے سوچا کیوں نہ ہم آپ کی سحری اور افطاری کا دسترخوان سجانے میں کچھ مدد کردیں۔ اس ہفتے سحری کے کچھ پکوان کی ترکیب آپ کو بتا رہے ہیں ،آپ چاہیں تو کچھ پکوان پکا کر فریز بھی کرسکتی ہیں ۔

اسپینش آملیٹ

اجزا: گائے کا قیمہ ایک پائو ، انڈے چار عدد، پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد،فرنچ بینز (چھوٹے کٹے ہوئے) چار عدد، آلو (ابلے اور چھوٹے کٹے ہوئے)دو عدد، کٹی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، پنیر (کدوکش)2 کھانے کے چمچے، بیسن آدھا چائے کا چمچہ،دودھ آدھا کپ ،نمک حسب ذائقہ، زیتون کا تیل ایک کھانے کا چمچہ ،تیل ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب: انڈوں کی سفیدیوں اور زردیوں کو الگ کرلیں۔ سفیدیوں کو بیڑ کی مدد سے خوب پھینٹیں اور زردیوں کو الگ پھینٹ لیں اس میں آلو، پیاز،فرنچ ، بینز ،بیسن اور دودھ ملا لیں۔ فرائننگ پین کو تیل سے چکنا کریں، پھر سفیدی پھیلائیں۔ اس پر زردی ، زیتون کا تیل ،پنیر،کالی مرچ اور نمک ملاکر چند منٹ تک پکائیں۔اور پلیٹ میں نکال لیں۔

قیمہ گھوٹالہ

اجزا: قیمہ آدھا کلو ،پیازایک عدد(کٹی ہوئی)،لہسن اور ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے ،لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ،دھنیا پائوڈر دو چا ئے کا چمچے،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،دہی آدھی پیالی، ٹماٹر تین عدد (کٹے ہوئے)، نمک حسبِ ضرورت،زیرہ ایک چائے کا چمچہ (بھنا اور کٹا ہوا)، ہری مرچ تین عدد(کٹی ہوئی )،ہرا دھنیا دوکھانے کے چمچے (کٹا ہوا) ،انڈے تین عدد (پھینٹے ہوئے )، ادرک حسبِ ضرورت ( کٹی ہوئی)۔

ترکیب : ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز کو پانچ سے سات منٹ تک فرائی کرلیں یہاں تک کہ ہلکی سنہری ہوجائے ۔اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ،کٹے ٹماٹر ،قیمہ ،لال مرچ ،ہلدی ،دھنیا ،نمک اور زیرہ ڈال کر فرائی کرلیں ۔پھر اس میں دہی شامل کرکے فرائی کرلیں ۔اب اس میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈھک کر گوشت گلنے تک پکائیں، پھر اس میں انڈے پھینٹ کر یک جا کرلیں۔ آخر میں ٹماٹر (کیونر کی شکل میں ) ،گرم مسالہ ،ہری مرچ ،ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر پانچ منٹ دم پر رکھ دیں ۔پھر گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

جھٹ پٹ چکن مسالہ

اجزا: چکن ایک کلو،لہسن آٹھ سے دس جوئے ، پیاز (موٹی کٹی ہوئی )دوعدد درمیانی،ثابت لال مرچیں دس سے بار عدد،کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ ، ادرک ایک ٹکڑا ،دہی (پھینٹا ہوا) ایک پیالی ،سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ ،تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے چکن کو نمک ،کالی مرچ اور دہی لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔پیاز ،ادرک ،لہسن ،زیرہ اور لال مرچوں کو ملا کر موٹا موٹا پیس لیں ۔دیگچی میں تیل کو دوسے تین منٹ تک درمیانی آنچ پر ہلکا گرم کرکے ثابت گرم مسالہ ڈالیں۔ تیل جب کڑکڑانے لگے تو پیسا ہوا مسالہ ڈال کر چار سے پانچ منٹ تک بھونیں۔ چکن ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر تین سے چار منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں اور پھر چو لہے سے اتار لیں ۔گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

سبزی کے پکوڑے

اجزا: آلو کو چھیل کر بالکل باریک باریک کاٹ لیں۔ اسی طر ح پھول گوبھی کے بھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ گوبھی کے ڈنڈھل کو چھری سے آلوئوں کی طر ح کاٹ لیں ،بینگن دھو کر چھیل لیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑےکاٹ لیں۔درمیانے سائز کی پیاز باریک کاٹ لیں ،بند گوبھی کے تھوڑے سے لچھے کاٹ لیں، ہرا دھنیا ،پودینا اور سبز مرچیں اپنے حسب ِضرورت لے لیں۔

ترکیب: تیارکی ہوئی ساری سبزیاں ملا لیں۔ بیسن میں حسب ِذائقہ سر خ مرچ اور نمک شامل کرکے سبزیوں میں ملا لیں ،سبزیوں میں بیسن ہلکا سا ہی لگائیں ، زیادہ بیسن لگانے سے پکوڑے سخت ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد بیسن ملی ہوئی سبزیوں میں ایک چائے کا چمچہ گرم گھی اور میدہ شامل کرلیں۔ ایک چٹکی بینکنگ سوڈا بھی ملا لیں ۔یہ سب ملانے کے بعد بیسن کو اچھی طر ح پھینٹیں۔ ہلکی سی پانی کی چھینٹں مار دیں۔ یاد رکھیں زیادہ پانی نہیں شامل کریں۔ اب تیل گرم کریں اور درمیانی آنچ پر پکوڑے تلیں ۔پکوڑے تلتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ تیل زیادہ گرم نہ ہو ۔ پہلے تیز آنچ پر تیل گرم کریں ،بعد میں دھیمی کردیں ،اس طر ح سبزیاں نرم ہو جائیں گی۔

آلو کے سموسے

اجزا: میدہ سوگرام، آلو ایک پاؤ(اُبال کر میش کرلیں)، گھی بیس گرام پسا ہوا گرم مسالہ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال اور کُٹی لال مرچ ایک، ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کھٹائی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک حسب ِذائقہ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، پیاز (کٹی ہوئی ) ددعدد، ہری مرچیں ( باریک کٹی ہوئیں ) پانچ سے آٹھ عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں ، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ ، کُٹی لال مرچ ، کھٹائی ، ثابت دھنیا، نمک ، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں ۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں۔ 

پھر اس کے دو حصے کر لیں، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں۔ پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں، تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔ مزیدار سموسے تیار ہے املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔