• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارم فاروق

حسن کی ابتداء صاف، شفاف جِلدسے ہوتی ہے ۔ جس طرح خوب صورت تصویر بنانے کے لیے عمدہ اورصاف ستھرے کینوس کی ضرورت ہوتی ہے، بالکل اسی طرح خوب صورت نظر آنے کے لیے صاف ،شفاف صحت مند جِلدکا ہونا بہت ضروری ہے۔ جِلدکو اس کی بہترین حالت میں رکھنے کے لیے روزانہ کلینزنگ (خواہ آپ میک اپ استعما ل کرتی ہوں یا نہیں) اور اسے نرم ونازک اور عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے موسچرائزنگ ،ٹوننگ وغیرہ ضروری ہے۔

کلینزنگ ،ٹوننگ وغیرہ اسی صورت میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں جب آپ جِلد سے مطابقت رکھنے والی مصنوعات استعمال کریں۔ یاد رکھیے کہ جو کریم آپ کی بہن یا دوست کے لیے مناسب ہے ضروری نہیں کہ وہ آپ کے لیے بھی مناسب ہو۔ صحیح چیز خریدنے کے لیے آپ کے پاس جِلد کو صحت مند اور خوب صورت رکھنے کے لیے درکار ضروری اشیاء اور ان کے مختلف انداز کے بارے میں معلومات ہونا ضروری ہے۔

……کلینزر……

کلینزر جِلد کو صاف ستھرا اور شاداب رکھنے کے لیے بنیادی کام کرتا ہے۔ اسے خرید نے سے پہلے آپ کو دو باتوں کا خیال رکھناہوگا۔ پہلا یہ کہ آپ اسے کس شکل میں خریدنا چاہتی ہیں۔ بازار میں کریم ،کریمی لیکویڈ ،ملک جیل، کلینزنگ بار،صابن وغیرہ کی شکل میں کلینز ر دست یاب ہیں۔ دوم یہ کہ آپ کو اپنی جِلد کے مطابق ان کا انتخاب کرنا چاہیے۔

……کریم……

خشک یا حسّاس جِلد کے لیے کریم کی شکل میں کلینزر مناسب رہتے ہیں۔ انہیں انگلیوں کے پور کی مدد سے چہرے پر پھیلائیں اورمساج کریں۔ پھر روئی یاٹشوپیپر کی مدد سے اسے صاف کردیں۔ ایسی کریم استعمال نہ کریں جو چہرے پر جم جائے۔

……کریمی لیکویڈ……

کریمی لیکویڈ کی شکل میں دست یاب مصنوعات دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ جِلد کی تمام اقسام کے لیے دست یاب ہیں۔ اسے چہرے پر لگانے کے بعد ہلکا سامساج کر یں۔ پھر روئی یا ٹشو پیپر کی مدد سےاسے صاف کردیں۔

مِلک: چکنی جِلدکے لیے مِلک کلینزر مناسب رہتے ہیں۔ ایسی جِلدکے لیے ہلکے کلینزنگ مِلک کا انتخاب مناسب رہتا ہے۔

جیل: جیل کی شکل میں دست یاب کلینزر عموماً کم استعمال کیےجاتے ہیں۔ ان کا انتخاب بھی جِلدکی نوعیّت کو مدّ ِ نظر رکھ کر کرنا چاہیے۔

کلینزنگ بار: بعض خواتین صابن کا استعمال زیادہ کرتی ہیں اور اسی وجہ سے ان کی جِلد خشک ہوجاتی ہے۔ کلینزنگ بار اس مسئلے کا بہترین حل ہے۔

……ٹونر ……

کلینزنگ کے بعد ٹونر ،کلینزر کی صفائی کا کام بھی کرتا ہے اورجِلد کو تروتازہ بھی کردیتا ہے۔ ٹونر میں سادہ پانی سر فہرست ہے۔ یہ جِلد کو صاف کرتا ہے۔اگر آپ خالص منرل واٹر لے سکیں تو یہ زیادہ بہتر ہے ۔پانی کو اسپرے کین یا بوتل میں لے کر چہرے پر اسپرے کرنے سے آپ کو جوتازگی محسوس ہوگی اس کا مزہ ہی الگ ہے۔ اس میں آپ پھولوں کا عرق ،مثلا عرق گلاب یا اورنج واٹر بھی شامل کرسکتے ہیں۔

……موئسچرائزر……

جِلدخواہ خشک ہویا چکنی، ہر ایک کو موئسچر ائزر کی کمی کی شکایت ہوتی ہے۔ موئسچرائزر کا استعمال اس کاحل ہے۔ بازار میں دو طرح کے موئسچرائزر دستیاب ہیں ۔ ایک آئل بیسڈ موئسچرائزر اور دوسرا واٹر بیسڈ۔ دونوں ہی جِلدکی تازگی بحال کرنے کاکام کرتے ہیں۔ مگر موئسچرائزر کا اثر عارضی ہوتا ہے۔ اس لیےجب آپ جِلد کو خشک محسوس کریں موئسچرائزر استعمال کرسکتی ہیں۔

ملی جُلی جِلد والی خواتین صر ف خشک حصّوں پر موئسچرائزر استعمال کریں۔ یاد رکھیں کہ آنکھوں کے اردگرد اور گردن پر موئسچرائزر لگانا کبھی مت بھولیں۔ آنکھوں کے لیےخاص موئسچرائزر بازار میں مل جاتا ہے۔ آنکھوں کے گرد اسے استعمال کریں۔ گردن کے لیے زیادہ موئسچرائزر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ کم عمر ہے تو واٹر بیسڈ موئسچرائزر استعمال کریں۔