عظمٰی صدیقی
ہمیں اُمید ہے کہ آپ نے اب تک ہمارے بتائے ہوئے لذت سے بھر پور پکوانوں سے اپنا سحری اور افطاری کا دسترخوان بہ خوبی سجایا ہوگا، اس ہفتے ہم آپ کو سحری اور افطاری کے مزید چٹ پٹے پکوانوں کی تر اکیب بتا رہے ہیں ،انہیں بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں ،پھر دیکھیں گا گھر والے آپ کےکھانوں کی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
……آملیٹ کا سالن ……
اجزا: انڈے چار عدد، پیاز چار عدد، ٹماٹر دو عدد، خشک دھنیا ایک کھانے کا چمچہ، سیاہ اور لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: انڈے پھینٹ کر اس میں نمک ،سیاہ مرچ اور آدھا چمچہ سفید زیرہ ڈالیں پھر فرائی بین میں تیل گرم کرکے یہ پھینٹا ہوا آمیزہ ڈال کر آملیٹ تیار کرلیں۔ اس کے بعد دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز بھون لیں اور ساتھ ہی کاٹے ہوئے ٹماٹر ،پسا ہوا خشک دھنیا ،سرخ اور سیاہ مرچ ،نمک، سفید زیرہ ڈال کر تین سے چار منٹ تک بھونیں۔ اس کے بعد اس میں دہی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکائیں اور جب پانی خشک ہوجائے تو آملیٹ کے ٹکڑے بنا کر شامل کرکے پانچ منٹ تک دم پر رکھ دیں۔ مزیدار آملیٹ سالن تیار ہے ۔چپاتی یا پراٹھے کے ساتھ کھائیں۔
……وائٹ چکن قورمہ ……
اجزا: چکن ایک کلو ،ناریل (پساہوا) آدھی پیالی ،بادام (پسے ہوئے ) آدھی پیالی۔ دہی اور کریم ایک پیالی ،پیاز دو عدد، ہری مرچ 9عدد ( پیسٹ بنالیں) زہرہ ( کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ ،گرم مسالہ ( پساہوا ) ایک چائے کا چمچہ، کالی مرچ (کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ ،لہسن اور ادرک (پسا ہوا ) ایک چائے کا چمچہ ،لیمون کا رس دوکھانے کے چمچے ،ثابت لال مرچ8 عدد ،تیل آدھی پیالی۔
ترکیب: پہلےایک پتلی میں تھوڑے سے پانی میں پیاز گلنے کے لیے ہلکی آنچ پر رکھیں اور ساتھ ہی چکن دھو کر دوسری پتلی میں گلنے کے لیے رکھ دیں ۔جب پیاز گل جائے تو چمچہ کی مدد سے اسے میش کرلیں اور چکن بھی اس میں شامل کردیں اور جب چکن کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں نمک ،لہسن اور ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔
کسی پلیٹ میں چکن نکالیں اور اسی تیل میں پسی ہوئی پیاز فرائی کرکے کے تمام مسالے ،ناریل ،بادام اور دہی شامل کر کے اس وقت تک بھونیں جب تک تیل اوپر نہ آجائے پھر اس میں فرائی کی ہوئی چکن اور کریم ڈال کرتھوڑی دیر چمچہ چلائیں اور دم پر رکھ دیں۔ آخر میں توے پر ثابت لال مرچ اور زیرہ ہلکاسا بھون کر کوٹیں اور چکن میں شامل کر کے دیگچی ڈھانپ دیں ڈش میں نکلتے وقت لیموں کا رس ڈال دیں۔ مزیدار وائٹ چکن قورمہ تیار ہے۔
……پیزا پراٹھا ……
اجزا: پیزا کا آٹا ایک پیزا کے برابر کا۔2 ٹماٹر ساس ایک کھانے کا چمچ۔3 موزریلا چیز آدھا کپ،4 مکئی دو کھانے کے چمچ،5 (مشروم ایک چوتھائی کپ (سلائس کی ہوئی،6 پالک دو کھانے کے چمچ (کٹی ہوئی،7 تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: پیزا کے آٹے کے دو پیڑے بنائیں اور دو روٹیاں بیل کر ایک پر تمام اجزا پھیلا دیں اور دوسری روٹی سے اس کو ڈھک دیں، پھر کنارے دبا کر اچھی طرح بند کردیں۔ اب تھوڑا تھوڑا تیل ڈال کر دونوں طرف سے سنہری کرلیں۔ تیار ہوجائے تو چوکور ٹکڑے کاٹ کر سحری میں مزیدار پراٹھے سرو کریں۔
……کشمیری پکوڑے……
اجزاء: پیاز ایک عدد ,آلو ایک عدد، نمک حسب ِذائقہ، پسی ہوئی لال مرچ حسب ِذائقہ، پسا ہوا دھنیا ایک چھوٹا چمچہ، پسا ہوا زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، انار دانہ حسبِ ذائقہ، ہری مرچ ایک یا دو عدد، لیموں آدھا، دہی دو سے تین بڑے چمچے، ہلدی ایک چوتھائی چمچہ۔
ترکیب: سب سے پہلےہری مرچ اور پیاز باریک کاٹ لیں اور آلو کدوکش میں موٹا کش کرلیں ،پھر کٹی ہوئی ہری مرچ، پیاز اور سارے مسالے ڈال کر یک جا کرلیں، آدھا لیموں نچوڑ کرمکس کریں ، اب اس میں تھوڑا سا بیسن شامل کرلیں۔ پھر دہی ڈال کریک جا کریں، جس طرح پکوڑوں کے لیے آمیزہ بناتے ہیں مگر اس میں پانی نہیں ڈالیں، یہ آمیزہ دہی ڈال کر بنتا ہے اور سخت رکھا جاتا ہے یعنی پیسٹ نرم نہ ہو۔ اس کے بعد تھوڑی دیر رکھا رہنے دیں، پیاز پانی چھوڑ دے گی اور پیسٹ نرم ہو جائے گا۔ اب پکوڑے بنا کرتل لیں، سنہرا ہونے پر نکال لیں۔
……کھٹے آلو چاٹ……
اجزا: آلو ایک کلو ،تیل دو کھا نے کے چمچے، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ ،زیرہ بھنا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ املی کا پیسٹ آدھی پیالی ،چینی ایک کھانے کا چمچہ، چکن پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ ،زدے کارنگ دو چٹکی ،ہرا دھنیا آدھا کپ ،ہری مرچیں چار عدد ،نمک حسب ِذائقہ۔
ترکیب: آلو ابال کر چھیل لیں۔ سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔نمک، لال مرچ، چاٹ مسالہ، چکن پاؤڈر، چینی، زردے کا رنگ ،زیرہ، اور دھنیا پاؤڈر، ڈال کر بھونیں۔ تھوڑا سا پانی شامل کرکے املی اور ہری مرچوں کا پیسٹ ڈال کر دم پر رکھ دیں ۔ پانچ منٹ بعد ہرا دھنیا ڈال افطاری میں سرو کریں۔
……چکن چیز رول ……
اجزا: چکن بریسٹ آدھا کلو ،ادرک ،لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،چیڈر چیز سو گرام ،درمیانی پیاز ایک عدد ،کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ،مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ ،سر کہ دو چائے کے چمچے ،چلی ساس دو چائے کے چمچے، سویا سوس دو چائے کے چمچے، اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں تین سے چار عدد ،ہرا دھنیا آدھی گٹھی ،ڈبل روٹی کے سلائس تین عدد، انڈے دو عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت ،میدہ دو کھانے کے چمچے ،کارن فلور دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ِضرورت،تیل حسب ِضرورت۔
ترکیب: فرائی پین میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے دومنٹ تک فرائی کریں ،پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک ،سرکہ ،سویا سوس اور چلی ساس ڈال کر ایک سے دومنٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔ چاپر میں ڈبل روٹی کے سلائس، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس مکسچر کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔
چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن مکسچر کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنا لیں۔ انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں۔ رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم تیل میں سنہری فرائی کرلیں۔