• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی پنجاب کی راولپنڈی میں ٹریفک مسائل کے حل کی ہدایت

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں ، رمضان بازاروں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور منظم جرائم کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ راولپنڈی شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات کئے جائیں اوراہم شاہراہوں ، کاروباری و عوامی مراکز کے گردونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے ۔ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور خوشی و غمی کے ہر موقع پر انکے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی نے منگل کو پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کے دورے کے موقع پرشہدائے پولیس کے بچوں کے ہمراہ نو تعمیر شدہ یاد گار شہداء کے افتتاح اوربعدازاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سی پی او آفس میں شہداء کے بچوں کو اعزازی شیلڈ ز اور تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے آئی جی پنجاب کو یاد گار شہداء کی تعمیر کے متعلق بریفنگ دی۔دوران اجلاس انہوں نے آئی جی پنجاب کو پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں زیر تعمیر سمارٹ سٹی، کمپلینٹ سیل اور راول لاؤنج پر پیش رفت بارے میں بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر آر پی او راولپنڈی اشفا ق احمد خان، ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
اسلام آباد سے مزید