• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر گھر میں سحری اور افطاری کا خاص الخاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ اپنی تراکیب سے تو اب تک آپ بے شمار چیزیں بنا چکی ہوں گی۔ اب ذرا منہ کا ذائقہ بدلیں اور ہماری بتائیں ہوئی تراکیب سے سحری اور افطاری کا دستر خوان سجائیں۔

…پھینی پراٹھا …

اجزا: آٹا دو کپ نمک حسبِ ذائقہ، مکھن دو کھانے کے چمچے، انڈا ایک عدد، گھی حسب ِضرورت۔

ترکیب: آٹے میں نمک ،مکھن اور انڈا مکس کرکے گوندھ لیں۔ تھوڑی دیر بعد آٹے کے پیڑے بنا کر روٹی بیل لیں۔ اس پر گھی لگائیں اور چھری سے باریک باریک پٹیاں کاٹ کر تھوڑی خشکی چھڑک کر رول کر کے پیڑا بنا لیں۔ فرائی پین کو گرم کرکے اس پر پراٹھا ڈال دیں۔ جب ایک سائیڈ سے سینک جائے تو ہلکے ہاتھ سے پلٹ دیں۔ گھی ڈال کر فرائی کر لیں، مزیدار پھینی پراٹھا تیار ہے۔ قیمہ یا سبزی کے ساتھ سحری میں سرو کریں۔

…چٹ پٹا آملیٹ…

اجزا: انڈے پھینٹے ہوئے دو عدد، پیاز درمیانے سائز کی دو عدد، لہسن ایک جوا (موٹا کوٹا ہوا)، ہری مرچ دو عدد باریک کٹی ہوئی ،ٹماٹر باریک کٹا ہوا ایک عدد، آلو اُبالا ہوا ایک عدد (چور ٹکڑے کرلیں )، ہرا دھنیا چند پتے ،پسا ہوا زیرہ۔

ترکیب: دو کھانے کے چمچےتیل گرم کر یں اور اس میں پیاز،آدھی چائے کا چمچ زیرہ (پسا ہوا) لہسن، سبز مرچ اور دھنیا فرائی کر یں۔ چمچے سے تھوڑا تھوڑا گرائنڈ کر یں۔ ٹماٹر اور آلو زیادہ گرائنڈ نہ کر یں۔ تیز آنچ پر پھینٹے ہوئے انڈے شامل کر کے ڈھک دیں۔ جب ہلکا ہلکا برائون ہونے لگے تو چولہا بند کردیں۔ سرو کرتے وقت کتری ہوئی سبز مرچ سے آرائش کریں۔

…ماش کی دال کے بڑے…

اجزاء: ماش کی دال ڈیڑھ کپ،نمک حسبِ ذائقہ، تیل فرائی کے لیے، دہی ایک کلو، املی کی میٹھی چٹنی حسبِ ضرورت، ناریل پسا ہو، ہرا دھنیا آدھی گڈی باریک کٹا ہوا، نمک ایک چائے کا چمچہ، لال مر چ ایک چائے کا چمچہ، چاٹ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، بگھار کے لیے تیل دو کھانے کے چمچے، رائی ایک کھانے کا چمچہ،کڑی پتے چند عدد۔

ترکیب: ماش کی دال کو دو سے تین گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر اس کا پانی نکال کر پیس لیں، دال بالکل باریک نہ ہو تھوڑی سی دانے دار رہنی چاہیے، اب اس میں نمک ملادیں، پھر کڑھائی میں تیل گرم کرکے بڑے بڑے پکوڑے بالکل ہلکے ہاتھ سے ڈال کر فرائی کرلیں۔ جب گولڈن ہوجائیں تو نکال کر کھلے برتن میں پانی میں ڈالتے جائیں، اس کے بعد دہی میں صرف چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔

ایک ڈش لیں اور پکوڑوں کو دونوں ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبا کر پانی نچوڑ لیں۔ اس کے بعد ڈش میں یہ پکوڑے رکھیں اور اوپر سے دہی ڈال دیں پھر اس پر املی کی چٹنی ناریل، نمک، لال مرچ، چاٹ مسالہ، بگھار اور ہرا دھنیا ڈال کر سرو کریں۔ مزیدار ماش کے دہی بڑے تیار ہے۔

…کالے چنے کی چاٹ…

اجزا: کالے چنے ایک کپ، لیموں دو عدد، ہری مرچ دو عدد، پیاز ایک عدد درمیانے سائز کی، ٹماٹر ایک عدد درمیانے سائز کا، املی کا گودا دوکھانے کے چمچے، نمک حسب ضرورت، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ، چاٹ مسالہ حسب ضرورت،ہرا دھنیا حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک کپ چنے ابلنے کے لیے دیگچی میں ہلکی آنچ پر چڑھا دیں۔جب اچھی طرح گل جائیں تو چھان لیں۔مزید پانی ڈالیں اور اس میں باریک کٹی ہوئی ہری مرچ اور املی کا گودا ڈال کر چولہے پہ رکھ دیں، تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ چنے اتار کر ٹھنڈے ہونے کے لیے رکھ دیں۔ ٹھنڈے ہونے پر ان میں ، نمک، لیموں کا رس ڈالیں، ٹماٹر اور پیاز باریک کاٹ کر ڈالیں۔ کالی مرچ اور چاٹ مسالہ پاؤڈر چھڑکیں اور پیش کریں۔

…تکہ سموسہ…

اجزا: چکن بریسٹ دو عدد، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، تکہ مسالہ دو سے تین کھانے کے چمچے، سموسہ پٹی دس عدد، انڈہ ایک عدد (پھینٹا ہوا)، لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک حسب ِضرورت۔

ترکیب: چکن بریسٹ پر اچھی طرح تکہ مسالہ لگا کر ایک گھنٹے کے لئے میری نیٹ کر لیں۔ ایک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچے تیل گرم کرکے اس میں چکن شامل کرکے پکائیں۔ یہاں تک کہ چکن گل جائے۔اب اسے فوڈ پروسیسر میں پیس لیں اور باقی کے تمام اجزاء بھی شامل کردیں۔ پھر سموسہ پٹی میں چکن مکسچر رکھ کر سموسہ کی شکل میں فولڈ کریں اور انڈے کی مدد سے کناروں کو بند کر لیں۔گرم تیل میں سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔افطاری میں کیچپ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

…املی کی چٹنی …

ضروری اشیاء برائے املی کی چٹنی :

املی ایک پیالی،نمک حسبِ ذائقہ،گڑ / چینی دو سے تین کھانے کے چمچے پسی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ۔

سب چیزوں کو ملا کر ہلکی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں پھر چولہے سے اُتار لیں، اچھی طرح ٹھنڈا کرکے بوتل میں محفوظ کر لیں۔