• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوزیہ کامران

یوں تو سارا سال خواتین ہر وقت ترکیبوں کے بارے میں سوچتی رہتی ہیں کہ آج کیا پکائیں، بچوں کو کیا کھلائیں لیکن رمضان میں افطاری اور سحری کے پکوان کے بارے میں کچھ زیادہ ہی سوچتی رہتی ہیں۔ ہر روز کچھ نہ کچھ نیا بنانے کی فکر ان کو اور پریشان کررہی ہوتی ہے۔ اس ہفتے ہم آپ کو مزید پکوان کی تراکیب بتا رہے ہیں ۔انہیں آزما کر سحری اور افطاری کے دستر خوان کی شان بڑھائیں ۔

…پوری پراٹھا …

اجزا : پگھلا ہوا گھی ایک چوتھائی کپ، انڈے کی سفیدی ایک عدد، میدہ ساڑھے چار کپ ،نمک آدھا چائے کا چمچہ, ایک چوتھائی کپ پگھلا ہوا گھی ،انڈے کی سفیدی ،میدہ دو کھانے کے چمچے (پیسٹ بنالیں)۔

ترکیب: پراٹھے کی ڈو بنانے کے لیے ایک پیالے میں چار کپ میدہ اور آدھا چائے کا چمچہ نمک چھان لیں، پھر اسے حسب ضرورت پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں۔ اس پر ایک کھانے کا چمچہ گھی لگائیں اور گیلے کپڑے سے ڈھک کر 20منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد آٹھ پیڑے بنائیں۔ ہر پیڑے کو بیل کر تیار پیسٹ لگائیں اور دوبارہ سے بیڑا بنالیں۔ اب ہر پیڑے پر تھوڑا سا گھی لگائیں اور ڈھک کر 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ایک کڑاہی میں گھی گرم کریں۔ہر پیڑے کا باریک پراٹھا بنا کر درمیان میں سوراخ کردیں کہ اس میں ہوا نہ بھرے۔ آخر میں اسے ڈیپ فرائی کرلیں یہاں تک کہ وہ گولڈن براؤن اور کرسپی ہوجائیں۔

…بیف شامی کباب …

اجزا: گوشت ایک کلو، چنے کی دال آدھا کلو،ثابت گرم مسالہ دو چائے کے چمچے، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ثبات تلہار مرچ پانچ کھانے کے چمچے ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، پیاز تین عدد، ہری مرچ آٹھ عدد، ہرا دھنیا تین گڈی، آئل ایک کپ، انڈے تین عدد، پانی چار کپ

ترکیب: گوشت، چنے کی دال، ثابت گرم مسالہ اور نمک کو چار کپ پانی میں ڈال کر چولہے پر رکھ دیں اور جب اُبال آجائے تو اس میں ثابت تلہار مرچ، پسی لال مرچ، ادرک و لہسن کا پیسٹ، پیاز اور زیرہ شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گوشت اور دال گَل جائے تو تیز آنچ پر پانی خشک کرلیں۔اب اسے سِل بٹے یا چو پر میں باریک پیس لیں۔ پیاز، ہری مرچ اور ہرا دھنیا اچھی طرح ملا کر ٹکیاں بنالیں اور انڈہ لگا کر تیل میں فرائی کریں۔ کباب تیار ہیں۔

…کشمیری کباب …

اجزا: قیمہ ایک کلو،انڈے دو عدد، سونف پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ،ادرک ایک چائے کا چمچہ،دار چینی پائوڈرآدھا چائے کا چمچہ،زیرہ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد، سوکھا پودینا ایک کھانے کا چمچہ، مکھن دو کھانے چمچے

ترکیب: قیمے میں تمام مسالے ملا کر پیس لیں۔ اب اس میں کٹی ہوئی پیاز، انڈے اور دو کھانے کے چمچے مکھن شامل کرکے یک جا کرلیں۔اسے دیگچی میں ڈال دھیمی آنچ پر پکالیں ۔

…کچوری…

اجزا : میدہ ایک پائو ،نمک ایک چائے کا چمچہ ،تیل حسب ِضرورت ،چنے کی دال آدھا کپ، کالی مرچ اور نمک ترکاری کے لیے ،آلو چار عدد ،کٹی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،زیرہ ایک چائے کاچمچہ ،ہری مرچ دو عدد، دھنیا حسب منشا ء۔

ترکیب : چنے کی دال اُبال کر میش کرلیں۔ نمک اور کالی مرچ ملا کر رکھ لیں۔میدہ میں نمک اور تیل شامل کرکے پانی سے گوندھ لیں (یاد رہے آٹا نرم ہو )۔پندرہ منٹ بعد پیڑے بنا کر اس میں دال شامل کریں۔ تیل لگا کر پیڑے کو ہتھیلی پر پھیلا دیں گول ٹکی بنا کر فرائی کرلیں۔ ترکاری بنانے کےلئے،آلو اُبال کر موٹا ،موٹا میش کرکے اس میں تمام اجزاء شامل کرکے پندرہ منٹ پکالیں۔آخر میں ہر ا دھنیا ڈال کر پیش کریں ۔

…پکوڑہ سینڈوچ…

اجزا : آلو ایک پائو ،نمک ،کٹی لال مرچ ایک،ایک کھانے کا چمچہ ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ ،انار دانہ ایک کھانے کا چمچہ، چاٹ مسالہ ایک چائےکا چمچہ ،ہری مرچ دو عدد، ہرا دھنیا چوتھائی کپ، بیسن ایک کپ، بریڈ سلائس آٹھ عدد۔

ترکیب: آلو اُبال کر میش کرلیں، پھر اس میں نمک ، کُٹی لال مرچ ، زیرہ ، ثابت دھنیا ، انار دانہ ، ہری مرچ ، دھنیا ، چاٹ مسالہ ڈال کر مکس کر یں ۔ بریڈ کو گول شیپ میں کٹ کرکے اس میں آلو والا مکسچر لگادیں، پھر دوسرا بریڈ رکھ کر پریس کرلیں۔بیسن میں نمک ، ایک چائے کا چمچہ کْٹی لال مرچ ، ایک چائے کا چمچہ زیرہ ، ایک چائے کا چمچہ دھنیا ڈال کر گھول کرلیں۔ اب بریڈ کو اس میں رول کرکے فرائی کرلیجئے۔افطاری میں گرم گرم پیش کیجئے۔

…چکن اسٹیکس…

چکن آدھا کلو، لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ، ہلدی دو چائے کے چمچے،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچیں چار عدد کٹی ہوئی،سرکہ چوتھائی چائے کا چمچہ،کریم آدھا کپ،انڈے پانچ عدد،شملہ مرچ دو عدد چکور کاٹ لیں،پیاز دو عدد چکور کاٹ لیں،بریڈ کرمزحسبِ ضرورت،تیل حسبِ ضرورت فرائی کر نے کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلےگوشت کی بوٹیاں بنالیں پھر ان میں لال مرچ، ہلدی، گرم مسالہ، زیرہ، ادرک، لہسن، ہری مرچیں اور کریم ملا کر میرنیٹ کرنے کے لیے رکھ دیں، پھر اس کو اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے پھرچولہے سے اتار لیں۔ اسٹک لیں، اس پر ایک بوٹی، ایک کیوب شملہ مرچ، ایک کیوب پیاز اور پھر بوٹی لگائیں، اس طرح اپنے حساب سے اسٹیکس تیار کرلیں، انڈے پھینٹ لیں پھر اس کو انڈے میں ڈِپ کریں بریڈ کرمز لگائیں اورتیل میں فرائی کر لیں۔

…شکنجبین…

اجزاء: لیموں دو سے تین عدد ،چینی دو سے تین بڑے چمچے، نمک چٹکی بھر، کالا نمک چٹکی بھر، کٹی ہوئی برف حسبِ ضرورت، پانی ایک جگ۔

ترکیب : سب سے پہلے پانی میں چینی گھول کر لیموں کا رس شامل کردیں پھر برف اور دو پودینے کے پتے ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔ یہ شدید گرمی میں پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے جگر اور معدے کی اصلاح کرتا ہےاور خصوصاً افطار کے وقت فرحت بخشتا ہے یہ عام میٹھے شربتوں کی طرح بھاری پن نہیں لاتا۔