• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، سابق دور میں پیکا آرڈیننس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22 کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی، یہ بات انہوں نے سی پی این ای، اے پی این ایس، پی بی اے، پی ایف یو جے اور AEMEND کے نمائندوں پر مشتمل میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان کیساتھ منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں فیک نیوز کے خاتمے کیلئے قانون سازی پر اتفاق ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی اور فیک نیوز کے خاتمے کیلئے شق شامل کی جائیگی، فیک نیوز سے قومی سلامتی مفادات، عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آزادی اظہار کے دستوری اور مہذب حق کا فروغ چاہتے ہیں، صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، جمہوریت اور آئین کی پیداوار ہی اظہار رائے کی اہمیت اور قدر جانتے ہیں،سیاست، صحافت اور عوام پر چار سال قیامت کے گزرے ہیں، چینلز، کالم، پروگرامز، زبان اور آنکھ بند کرکے قوم کی آزادی چھیننے کی کوشش کی گئی، ہم صحافی برادری کی مشاورت سے چلیں گے، آپکی آراءکی روشنی میں میڈیا کی آزادی فروغ پائے گی، انہوں نے کہا کہ چار سال میں معیشت کی طرح میڈیا کو بھی مالی طور پر تباہ کیاگیا، صحافیوں کی معاشی تباہی کا احساس ہے، چاہتے ہیں جلد انکو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کریں ، سابق دور میں صحافی بیروزگار ہوئے، کئی جان سے گئے، تنخواہیں آدھی ہوگئیں، انکے خاندان اور بچوں کی تکالیف سے آگاہ ہیں، ہم ملک کی تباہ حال معیشت کی بحالی کی کوشش کررہے ہیں، سابق حکومت نے ملک کو معاشی دیوالیہ کرنے کی سازش کی، غیرملکی سازش میں صحافیوں پر سنگین الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں، پی ایف یوجے کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں، جھوٹوں کو گھر تک پہنچائیں گے، جو سچ بولتا ہے، چوری پکڑتا ہے، عمران خان اسے غدار بنا دیتے ہیں۔