عظمٰی صدیقی
……اچار گوشت……
اجزاء: گوشت ایک کلو چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں، تیل یا گھی ایک پیالی، لہسن پسا ہوا دو چائے کے چمچے، ہری مرچیں پانچ عدد، میتھی دانے دو چائے کے چمچے، سفید زیرہ دو چائے کا چمچے، نمک دو چائے کے چمچے، دہی آدھا کلو، ادرک پسی ہوئی دو چائے کا چمچے، پیاز بڑی یا درمیانہ سائز کی دو عدد، لال مرچ پسی ہوئی دو چائے کے چمچے، سونف دو چائے کے چمچے، کلونجی دو چائے کا چمچے۔
ترکیب: پیاز کو تیل میں سنہرا کرلیں، اب لہسن، ادرک اور گوشت بھی ڈال کر کچھ دیر بھونیں، جب پانی خشک ہو جائے تو اس میں دہی شامل کر دیں اور دو منٹ کے بعد باقی کے تمام مسالے ڈال دیں۔ جب دہی اور گاشت کا سارہ پانی خشک ہو جائے تو اچھی طرح بھون لیں۔ آخر میں ہری مرچیں کاٹ کر ڈالیں پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھیں۔ روٹی یا چاول کے ساتھ پیش کریں۔
……مٹن شاہی ہانڈی……
اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو،گھی تین سے چار کھانےکے چمچے، پیاز پسی ہوئی آدھی پیالی، ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچے، لال مرچ پسی ہوئی دو کھانے کے چمچے، زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ ،گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ،دھنیا پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچ چار سے پانچ عدد، بادام پستے پسے ہوئے آدھی پیالی، نمک حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو، کریم آدھی پیالی، ہرا دھنیا آدھی گٹھی۔
ترکیب: ہانڈی میں گھی گرم کرکے پیاز ڈال کر پکائیں اب اس میں ادرک لہسن بھی شامل کر دیں، پھر نمک اور تمام مسالے دہی میں مکس کرکے شامل کریں، اب گوشت ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے بھونیں، پھر حسب ضرورت پانی شامل کرکے گوشت گلنے تک پکائیں۔ جب گوشت گل جائے اور گریوی گاڑھی ہو جائے تو کریم شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں اور ہرا دھنیے سے گارنش کریں۔
……مٹن یخنی پلاؤ……
اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چاول ایک کلو ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ،ثابت دھنیا آدھا پاؤ، سونف تین کھانے کے چمچے،ثابت کالی مرچ ایک کھانے چمچہ، چھوٹی الائچی چار عدد، لونگ چھ عدد، دارچینی چند ٹکڑے، پیاز دو عدد، لہسن پسا ہوا دو چائے کے چمچے، دہی ایک پیالی، تیل آدھی پیالی۔
ترکیب: ململ کا ایک کپڑا لیں اس میں زیرہ ، ثابت دھنیا ، سونف ، کالی مرچ، لونگ، الائچی اور دار چینی ڈال کر باندھ دیں۔ گوشت کو پانی میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں ،اس میں مسالے کی پوٹلی ، لہسن ، پیاز اور نمک ڈال کر ابال لیں اور گوشت گلنے تک پکائیں۔ گوشت گل جانے پر یخنی چھان لیں اور گوشت الگ کر لیں۔
اب آدھی پیالی تیل میں ایک درمیانی سائز پیاز، ثابت کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ ،چھوٹی الائچی ، لونگ اور آدھا چمچہ زیرہ شامل کر کے پیاز سنہری تل لیں، اس میں چھ عدد کٹی ہری مرچیں ،گوشت اور لہسن ادرک پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ شامل کر کے اچھی طرح مکس کر لیں، پھرایک پیالی دہی ، حسب ذائقہ نمک، پسی کالی مرچ شامل کر کے دو سے تین منٹ تک پکائیں۔
اب اس میں مٹن یخنی شامل کرکے ابال آنے تک پکائیں۔ اس آمیزے میں چاول ( پہلے سے بھیگے ہوئے ) پانی نتھار کر شامل کر دیں۔ اسے پانی خشک ہونے تک پکائیں اور پھر دس منٹ تک دم پر رکھ دیں۔ مزیدار مٹن یخنی پلاؤ تیار ہے۔
……حلیم ……
اجزا : گائے کا گوشت ، ایک کلو (بون لیس،گیہوں ، ایک پائو ، جو ، آدھا پائو، گندم ، آدھا پاؤ چنے کی دال ، ایک کپ، مونگ کی دال، ایک چوتھائی کپ، مسور کی دال، ایک چوتھائی کپ، ماش کی دال، ایک چوتھائی کپ، گھی ، دو کھانے کے چمچے، ادرک لہسن کا پیسٹ، دو کھانے کے چمچے، پیاز آدھا کپ (تلی ہوئی، نمک حسب ِضرورت، پسی ہوئی لال مرچ تین کھانے کے چمچے، ہلدی ایک کھانے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا ایک کھانے کا چمچہ ، تیل دو کھانے کے چمچے، پسا ہواگرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ۔
ترکیب: پہلے گیہوں اور جو کو رات بھر کے لیے کسی کھلے برتن میں پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح اُبال لیں، پھر اسے بلینڈ کرلیں۔ اب چنے کی دال، مونگ کی دال، مسور کی دال اور ماش کی دال کو چار سے پانچ گلاس پانی کے ساتھ پکائیں، یہاں تک کہ دالیں گل جائیں۔ اب انھیں بھی ٹھنڈا کرکے بلینڈ کر لیں دیگچی میں ایک کپ تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر کچا پکا کرلیں پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر دو منٹ پکائیں اور گوشت ڈال کر بھونیں، پھر نمک، پسی لال مرچ، ہلدی، پسا دھنیا اور دہی ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے آٹھ سے دس گلاس پانی ڈالیں اور ڈھک کر پکائیں، یہاں تک کہ گوشت گل جائیں۔
جب گوشت گل جائے تو ہاون دستہ میں گوشت اچھی طرح کچل لیں اور اس میں بلینڈ کی ہوئی دالوں کو ڈال کر مکس کریں اور ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں اور چمچہ چلاتے رہیں ،تاکہ گوشت اور دالیں ایک ساتھ اچھی طرح مکس ہوجائیں، جب حلیم گاڑھی ہوجائیں تو چولہا بند کردیں۔ آخر میں اس میں پسا گرم مسالہ شامل کرکے چمچہ چلائیں، مزیدار حلیم تیار ہیں۔ پھر اسے تلی پیاز، ہرا دھنیا، پودینا، ہری مرچ، ادرک، لیموں کے سلائس اور دو کھانے کے چمچےگھی کے ساتھ سرو کریں اور مزے لے کر کھائیں۔